مہمند ڈیم :10اہم سائٹس پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)مہمند ڈیم پراجیکٹ کی 10 اہم سائٹس پر تعمیراتی کام تسلی بخش رفتار سے جاری، گزشتہ سال وسط میں مین ڈیم فاؤنڈیشن کی کھدائی مکمل ہونے پر مرکزی ڈیم کی بھرائی سطحِ سمندر سے 392 میٹر کی بلندی تک پہنچ چکی۔۔۔
سپل وے تقریباً 70 فیصد مکمل ہو چکا، پاور ہاؤس کے الیکٹرو مکینیکل آلات کے تفصیلی ڈیزائن بھی مکمل کئے جا چکے ہیں اور اب ان آلات کی تیاری کا مرحلہ شروع ہو گیا ۔یہ بات چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)محمد سعید کو مہمند ڈیم پراجیکٹ کے دورے کے دوران پراجیکٹ انتظامیہ کی جانب سے تعمیراتی پیش رفت پر بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ اپنے دورے میں چیئرمین نے سپل وے ، مین ڈیم، درکار میٹریل ذخیرہ کرنے کا ایریا اور پاور ہاؤس سمیت تمام اہم سائٹس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔جنرل منیجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹر عاصم رؤف خان نے پراجیکٹ ٹیم، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے ہمراہ چیئرمین کو ہر سائٹ پر پیش رفت، ٹائم لائنز اور اہداف حاصل کرنے کے لئے حکمت عملی بارے آگاہ کیا۔
انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ مہمند ڈیم پراجیکٹ کی مجموعی پیش رفت تقریباً 50 فیصد ہے ، مرکزی ڈیم کی تکمیل کے بعد پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار 2028 کے اوائل میں شروع ہو جائے گی ۔چیئرمین نے واپڈا پراجیکٹ ٹیم، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ چیئرمین نے کہا کہ ملک میں پانی اور سستی بجلی کی بڑھتی ضروریات پورا کرنے کے لیے مہمند ڈیم پراجیکٹ کی بلا تاخیر تکمیل انتہائی اہم ہے ،کنٹریکٹر منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لیے نظرثانی شدہ شیڈول پر عمل درآمد یقینی بنائے ۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ مہمند ڈیم پراجیکٹ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ 800 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا حامل مہمند ڈیم قومی گرڈ کو سالانہ 2 ارب 86 کروڑ یونٹ ماحول دوست، صاف اور کم لاگت پن بجلی مہیاکرے گا۔ اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت پراجیکٹ ایریا میں ترقیاتی سکیموں کے لیے 4ارب 50 کروڑ روپے بھی مختص کیے گئے ہیں۔