انتظامی طورپرسندھ تباہی کا شکارہے : علی خورشیدی
گل پلازہ انتہائی دلخراش واقعہ ، خود کو بری الذمہ نہیں سمجھتے :ناصر حسین تاجروں پر الزام تراشی ہورہی :جاوید قریشی ، دنیا مہر بخاری کیساتھ گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا ہے کہ گل پلازہ ایک بڑا سانحہ ہے ،ہم نے بار بار سندھ حکومت کو مسائل بارے آگاہ کیا ، آگ لگنے کا واقعہ پہلی بار نہیں ہوا، انتظامی طورپر صوبہ تباہی کا شکارہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ’’میں گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی 17 سال کی حکمرانی میں کراچی کے اندر 17 بوند پانی نہیں ،17 بڑے ہسپتال نہیں ، 1700 بسیں نہیں اور 1700ماڈل سکول نہیں۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین نے کہا ہے کہ گل پلازہ انتہائی دلخراش واقعہ ہوا ہے ،ہم خود کو بری الذمہ نہیں سمجھتے ، اس میں کئی قیمتیں جانیں گئیں اور لوگوں کا مالی بہت زیادہ نقصان ہوا،ہم کام کررہے ہیں ایسا نہیں کہ ہم کچھ نہیں کررہے ۔صدر انجمن تاجران سندھ جاوید قریشی نے کہا کہ کل سے تاجروں پر الزام تراشی سندھ حکومت کی طرف سے ہورہی ہے ،یہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور کے ایم سی کی کیا ذمہ داریاں تھیں؟، سندھ حکومت کو اداروں سے جواب طلبی کرنی چاہئے کہ اتنا بڑا سانحہ کیسے ہوگیا ۔