عوام کی ضرورت کا مکمل احساس ،سہولیات پر اربوں روپے لگا رہے:مریم نواز
شہروں کے داخلی وخارجی راستوں کی تزئین و آرائش، پلوں،انڈرپاسز کی سجاوٹ کا حکم،ہائی ویزپر واش رومز کا پلان طلب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا معیار یکساں ہونا ضروری :کمشنرز،ڈپٹی کمشنرزسے خطاب
لاہور(دنیانیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ حکومت کو عوام کی ضرورت کا مکمل احساس ہے ،سہولیات پراربوں روپے لگارہے ہیں ، ماحول کو بہتر بنائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں پرپیشرفت اجلاس میں کمشنرزاورڈپٹی کمشنرز سے خطاب کرتے ہوئے شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں کی تزئین و آرائش کا حکم دیااورہدایت کی کہ اوور ہیڈ برجز کے نیچے صفائی، گرین بیلٹ اورپلے ایریاز بنائے جائیں ، ہر منصوبے میں بیوٹیفکیشن پلان لازمی ہونا چاہئے ،انہوں نے اوور ہیڈ برج اور انڈرپاسز کی سجاوٹ کا حکم بھی دیا ۔وزیراعلیٰ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے ہر پراجیکٹ کی جیو ٹیگنگ کی ہدایت کی اورپنجاب کے ہائی ویز پرمسافروں کی سہولت کیلئے واش رومز کا پلان طلب کرلیا ۔انہوں نے ہر سیوریج اور ڈرینج پراجیکٹ کیلئے کھدائی کے بعد روڈز کی تعمیر و بحالی مکمل کرنے کا حکم دیا اورپنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانٹیرنگ کیلئے ہرڈی سی آفس میں کنٹرول روم اور مینجمنٹ سیل قائم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ڈی پی فیز ون کے پراجیکٹس میں شفافیت سے 28کروڑ روپے کے فنڈز کی بچت کی گئی ۔
لاہور ڈویلپمنٹ پلان کا پہلا فیز کامیابی سے مکمل کرلیا اور دوسرے فیز پر کام جاری ہے ۔پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت 7شہروں میں 23 ارب 40 کروڑ روپے کے ترقیاتی پراجیکٹ جاری کئے گئے ۔ مریم نواز نے کہا کہ گلی محلو ں میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے کھودے گڑھوں کو ارد گرد تار لگا کر کور کیا جائے ،ہر روڈ پر مین ہول کا لیول ایک ملی میٹر بھی بلند نہیں ہونا چاہئے تاکہ لوگ ٹھوکر لگنے سے نہ گریں۔ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا معیار یکساں ہونا ضروری ہے ، فٹ پاتھ اورروڈز کے اطراف میں یکساں طرز اور کلر کی ٹائلیں لگائی جائیں، ترقیاتی منصوبوں میں گرین بیلٹس کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔ بیوٹیفکیشن کے بعد بجلی کے تار اور دیگر وائر منظم انداز سے لگائی جائیں، بے ہنگم تاریں نہیں نظر آنی چاہئیں،تحصیلوں میں بھی سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ،انہوں نے دھند کے دوران شہریوں کو احتیاط سے ڈرائیوکرنے کی اپیل کی اورکہا کہ دھند میں سفر کے دوران احتیاط برتیں اور گاڑی کی سپیڈ کم رکھیں،احتیاط کرکے لیٹ پہنچنا کبھی نہ پہنچنے سے بہتر ہے ۔وزیراعلیٰ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے ہمراہ 4فروری کو سرگودھا میں سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا افتتاح کرنے جائیں گی جس کی تعمیرمکمل ہو چکی ہے ۔