سپر ٹیکس کیس، وکلا غیر ضروری وقت لے رہے :چیف جسٹس
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)وفاقی آئینی عدالت میں سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔ چیف جسٹس وفاقی آ ئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔
مختلف کمپنیوں کے وکیل اویس علی شاہ نے اپنے دلائل مکمل کیے ، انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اس وقت جو شخص 100 روپے کماتا ہے یا 10 ہزار روپے ، سب ایک ہی ٹیکس ادا کر رہے جو اصولِ انصاف کے منافی ہے ۔ چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا وکلاء دلائل میں غیر ضروری زیادہ وقت لے رہے ہیں، اب عدالت کو ایک واضح ٹائم فریم بنانا پڑے گا، وکلاء دلائل کیلئے تھوڑی دیر مانگ کر گھٹنوں کے بل چل دیتے جس سے عدالت کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے ۔ چیف جسٹس امین الدین نے واضح ریمارکس دیئے کہ یہ آخری کیس ہے ، اس کے بعد کسی وکیل کو فالتو وقت نہیں دیا جائے گا، اب دلائل کو محدود کرنا ہوگا۔