کسی کی سیاست بچانے کیلئے آپریشنز نہیں رکیں گے ،طلال

 کسی کی سیاست بچانے کیلئے آپریشنز نہیں رکیں گے ،طلال

اسلام آباد (نامہ نگار )وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پالیسیوں اور صوبائی حکومت کی نالائقی کی وجہ سے خیبرپختونخوا جل رہا ہے ، دہشت گردوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہو سکتی اور ان کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے ،خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کیوں نہیں بنائی گئی۔

 صوبائی حکومت کی کارکردگی صفر ہے ، یہ صرف سیاسی کارڈ کھیلتی رہی،کسی کی سیاست کو بچانے کے لئے دہشت گردوں کے خلاف ایکشن اور انفارمیشن بیسڈ آپریشنز نہیں رکیں گے ۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہاکہ انفارمیشن بیسڈ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر اداروں اور صوبائی حکومتوں کی مشاورت کے ساتھ ہوتے ہیں۔ قومی اتفاق رائے سے بننے والے قومی ایکشن پلان پر ابہام پیدا کرنے کی کوشش سے ان دہشت گردوں کو فائدہ ملتا ہے جو پورے ملک کے لئے وبال جان بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ 14 سال سے ایک ہی جماعت کی حکومت ہے ، ان کے وزیراعلیٰ کی مشاورت سے قومی ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں ہورہی ہیں،جو لوگ ہمارے جوانوں کے سر اتار کر فٹ بال کھیلیں،عورتوں، بچوں کو نہ چھوڑیں، بازار،مدارس،سکول محفوظ نہ ہوں ان سے کوئی ہمدردری نہیں ہوسکتی،ان کے خلاف ایکشن ہو کے ہی رہے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں