بینکرز سٹی ہاؤسنگ سکینڈل ،نیب نے متاثرین کو اربوں واپس دلادئیے
اسلام آباد (اے پی پی)قومی احتساب بیورو (نیب) نے بینکرز سٹی ہاؤسنگ سکینڈل کے متاثرین کو تقریبا ًبیس سال بعد ایک ارب بیس کروڑ روپے سے زائد کی رقوم واپس کر کے عوامی اعتماد کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے ۔
اس سلسلے میں منگل کو نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک تقریب ہوئی ،جس میں نیب (اسلام آباد ،راولپنڈی) کے تحت بینکرز سٹی ہاؤسنگ سکیم فراڈ کے متاثرین کو بازیاب کرائی گئی رقوم واپس کی گئیں۔ تقریب کی صدارت چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کی۔تقریب میں ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر، پراسیکیوٹر جنرل احتساب سید احتشام قادر شاہ، ڈائریکٹر جنرلز، دیگر اعلی افسران اور بڑی تعداد میں متاثرہ افراد نے شرکت کی ۔نیب نے جامع انکوائری کے بعد ملزمان سے 1209 ملین روپے کی رقم بازیاب کرائی جو مرحلہ وار 2200 متاثرین میں تقسیم کی جائے گی۔ تقریب میں 476 متاثرین کو مجموعی طور پر 341 ملین روپے واپس کئے گئے جن میں 316 متاثرین کو 120 ملین روپے پیمنٹ آرڈرز کے ذریعے جبکہ 160 متاثرین کو 221 ملین روپے آن لائن ٹرانزیکشن کے ذریعے ادا کیے گئے ۔نیب کے مطابق قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ متاثرین کو اصل سرمایہ کاری سے ڈھائی گنا زائد رقم واپس کی جا رہی ہے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے نیب (اسلام آباد/راولپنڈی)، لاہور کی عدلیہ اور پراسیکیوٹر جنرل احتساب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی معاونت سے ایک ایسا مقدمہ منطقی انجام تک پہنچا جسے متاثرین تقریباً مردہ سمجھ چکے تھے ۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ آج کا دن انصاف، احتساب اور عوامی اعتماد کی بحالی کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،آخر میں چیئرمین نیب نے تفتیشی ٹیم کے ارکان میں تعریفی شیلڈز تقسیم کیں اور ان کے لیے عمرے کا اعلان بھی کیا ۔