این ٹی سی کو حکومتی ادارہ بنانے کی تیاری، انتظامی ڈھانچہ تبدیل

این ٹی سی کو حکومتی ادارہ بنانے  کی تیاری، انتظامی ڈھانچہ تبدیل

اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کو حکومتی ملکیتی ادارہ بنانے کے لیے ترمیمی ایکٹ کا مسودہ تیار کر لیا ۔

 مجوزہ قانون کے تحت این ٹی سی کے بورڈ چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے الگ کیے جائیں گے تاکہ پالیسی اور انتظامی اختیارات کی واضح تقسیم ممکن ہو سکے ۔ترمیمی ایکٹ کے مطابق این ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری وفاقی حکومت کرے گی جو ادارے کے انتظامی امور انجام دے گا جبکہ بورڈ چیئرمین کا تقرر نجی شعبے سے کیا جائے گا جو پالیسی فیصلوں کی منظوری اور بورڈ کی سربراہی کے فرائض ادا کرے گا۔مجوزہ قانون کے تحت این ٹی سی بورڈ کی ازسرِنو تشکیل حکومتی ملکیتی ادارے کے ماڈل کے مطابق کی جائے گی۔

بورڈ کے کم از کم چھ ارکان ہوں گے جن میں چیئرمین سمیت تین ارکان نجی شعبے سے لیے جائیں گے جبکہ تین ارکان حکومت کی جانب سے نامزد کیے جائیں گے ۔ سرکاری ارکان میں سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، ایڈیشنل سیکرٹری آئی ٹی، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ اور ایڈیشنل سیکرٹری قانون شامل ہوں گے ۔واضح رہے کہ اس وقت این ٹی سی کا بورڈ مکمل طور پر سرکاری ارکان پر مشتمل ہے ۔ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے این ٹی سی ایکٹ میں ترامیم کا مسودہ تیار کر لیا جسے پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد نافذ کیا جائے گا۔ منظوری کے بعد نئے قانون کے تحت این ٹی سی بورڈ کی تشکیلِ نو عمل میں لائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں