ایس او پیز مکمل نہ ہونے پر 236 کمرشل بلڈنگز کو نوٹسز جاری
30 لاکھ جرمانے کیساتھ 200 سے زیادہ کیسز کورٹ میں سمری ٹرائل کیلئے جمع پٹرول پمپس کو بھی ناکافی انتظامات پر نوٹسز جاری کئے گئے :سول ڈیفنس کی رپورٹ
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم کے بعد سول ڈیفنس نے رپورٹ جاری کر دی ۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پلازوں ، کمرشل بلڈنگز میں فائر سیفٹی کے نامناسب انتظامات پر کارروائیاں کی گئیں۔ سول ڈیفنس لاہور کی جانب سے سال 2025 میں دو ہزار سے زائد انسپیکشنز کیں ،شہر کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران فائر سیفٹی ایس او پیز مکمل نہ ہونے پر 236 کمرشل بلڈنگز کو نوٹسز جاری کیے گئے۔
2025 میں 346 انڈسٹریز کو فائر سیفٹی کے حوالے سے نوٹسز جاری کیے گئے ، 35 پٹرول پمپس کو بھی ناکافی انتظامات پر نوٹسز جاری کیے گئے ۔ 30 لاکھ کے جرمانے کرنے کے ساتھ 200 سے زیادہ کیسز کو کورٹ میں سمری ٹرائل کے لئے جمع کروایا گیا۔ جرمانوں کے بعد متعدد کمرشل بلڈنگز اور پلازہ مالکان نے فائر سیفٹی کے حوالے سے اقدامات کئے ۔فائر سیفٹی کے حوالے سے تاحال اقدامات نہ کرنے والی عمارتوں کیخلاف کارروائیوں کا فیصلہ کرنے کا دعوی ٰکیا گیا ہے ۔ ایس او پیز کیخلاف بنی انڈسٹری ،کمرشل بلڈنگز اور پلازہ مالکان کے خلاف کارروائیاں ہوں گی۔