کپس کالج کے سی ای او عابد وزیر خان کو اغوا کر لیا گیا
آفس جاتے ہوئے اغوا کیا گیا،خاتون جنرل منیجر سے فون لائن پر تھے آخری گفتگو ہم نے سنی، جلد بازیاب کر لیں گے ،ڈی آئی جی آپریشنز
لاہور(دنیا نیوز)صوبائی دارالحکومت کے علاقے جوہر ٹاؤن سے کپس کالج کے سی ای او عابد وزیر خان کو اغوا کر لیا گیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق عابد وزیر خان کو آفس سے جاتے ہوئے راستے میں روک کر اغوا کیا گیا، عابد وزیر خان اغوا کے وقت خاتون جنرل منیجر کے ساتھ فون لائن پر تھے ۔خاتون نے نامعلوم شخص کی آواز سنی، نامعلوم شخص نے مغوی کو کہا کہ تم نے میری گاڑی کا ایکسیڈنٹ کیا ہے ۔پولیس حکام کے مطابق اغوا کا مقدمہ تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج کر لیا گیا ، کیس اغوا برائے تاوان کا لگ رہا ہے ۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہ اغوا برائے تاوان والا معاملہ نہیں ہے ، اب تک اغوا برائے تاوان کی کوئی کال موصول نہیں ہوئی۔ سی سی ڈی اور لاہور پولیس مل کر کام کر رہی ہیں، امید ہے بہت جلد عابد وزیر خان کا پتا چل جائے گا۔انہوں نے کہا عابد وزیرخان کی جو آخری گفتگو ہو رہی تھی وہ بھی ہم نے سنی ہے ۔