این ایچ اے میں گریڈ 21 کے دو نئے ممبران کے تقرر کی منظوری
نئی اسامیوں کو ممبر ایڈ پراجیکٹس اور ممبر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا نام دیا گیا تعینات ممبران قرض، امداد، گرانٹس ،فنڈ سے چلنے والے منصوبے دیکھیں گے
اسلام آباد (ایس ایم زمان ) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) نے گریڈ 21 کے دو نئے ممبران کے تقرر کی منظوری دے دی ۔ مذکورہ ممبران کی اسامیوں کو ممبر ایڈ پراجیکٹس اور ممبر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا نام دیا گیا ، مذکورہ اسامیوں پر گریڈ 20 اور 21 کے افسران کا تقرر کیا جائے گا، این ایچ اے نے انجینئرنگ کیڈر میں مذکورہ اسامیوں کی تشکیل کی منظوری دی ، این ایچ اے نے بیرون ممالک اور بین الاقوامی امدادی اداروں کے قرض، امداد، گرانٹس اور فنڈ سے چلنے والے منصوبوں کے معاملات کی ذمہ داری کے لئے ممبر ایڈ پراجیکٹس کی اسامی اور نجی شعبے کے ساتھ پارٹنر شپ اور منصوبوں کی تکمیل کے لئے ممبر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی نئی اسامی کی منظوری دی ہے نئی اسامیوں پر تعینات کردہ ممبران براہ راست چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ماتحت ہوں گے ۔