قرض کا درست استعمال ہو تو نقصان دہ نہیں : وزیر خزانہ

قرض کا درست استعمال ہو تو نقصان دہ نہیں : وزیر خزانہ

عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر بل گیٹس سے ملاقات،اجلاس سے خطاب نیسلے کا 6کروڑ ڈالر اضافی سرمایہ کاری کا اعلان،آذربائیجان کی کمپنی کا بھی عندیہ

ڈیووس(نیوز ایجنسیاں)سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے 26ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مائیکروسافٹ کے بانی اور گیٹس فانڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان میں جاری اصلاحاتی عمل اور صحت کے شعبے کی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے گیٹس فائونڈیشن کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

بل گیٹس نے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ موثر ٹیکس نظام طویل المدتی معاشی خود انحصاری کیلئے نہایت اہم ہے ۔وزیرخزانہ اور بل گیٹس نے آئندہ برسوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔دریں اثنا ورلڈ اکنامک فورم بزنس راؤ نڈ ٹیبل میں معروف کمپنی نیسلے نے پاکستان میں 6 کروڑ امریکی ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ،یہ اعلان وزیرخزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں عالمی سطح کی معروف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسروں اور سینئر قیادت نے شرکت کی۔نیسلے پاکستان کو علاقائی پیداوار اور برآمدی مرکز کے طور پر استعمال کرے گا، جہاں سے 26 ممالک کو مصنوعات برآمد کی جائیں گی۔ نیسلے خودکار فیکٹریاں، قابلِ تجدید توانائی کا بڑھتا ہوا استعمال، بہتر پیکیجنگ اور ڈیجیٹل سپلائی چین بنائے گا۔

ادھر وزیرخزانہ سے ملاقات میں آذربائیجان کی 57 ارب ڈالر کے اثاثوں کی مالک سب سے بڑی سرکاری کمپنی سوکار نے پاکستان کے تیل و گیس شعبے میں سرمایہ کاری کا عندیہ دے دیا ہے ۔علاوہ ازیں وزیرخزانہ نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پرمذاکرے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا قرض اگردرست جگہ استعمال ہو تو معیشت کیلئے نقصان دہ نہیں، پاکستان نے قرضے کی جی ڈی پی شرح 75 فیصد سے کم کرکے 70 فیصد کرلی، شرح سود 22 فیصد سے زائد سے کم ہو کر 10اعشاریہ 5 فیصد پر آگئی ہے ،مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ گئی، پاکستان گرین پانڈا بانڈ کے ذریعے چینی مارکیٹ میں داخل ہونے کوتیار ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں