حکومت غزہ بورڈ میں شمولیت کا فیصلہ واپس لے :شیخ وقاص

حکومت غزہ بورڈ میں شمولیت کا فیصلہ واپس لے :شیخ وقاص

صرف اپنی حکومت کو عالمی سطح پر منوانے کے لیے یہ اتنا آگے چلے گئے فلسطینیوں کو فیصلہ قبول نہیں تو ہمیں بھی نہیں :سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف نے حکومت سے غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کا فیصلہ واپس لینے اور عوامی ریفرنڈم کروانے کا مطالبہ کردیا۔اپنے بیان میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ہیں، غزہ پیس بورڈ پر ہمارا موقف بالکل واضح ہے ، ہمارے سیکرٹری جنرل اس پر آن بورڈ ہیں، ہم نے وزیر اعظم کے غزہ پیس بورڈ پر دستخط کرنے تک اپنا بیان جاری نہیں کیا۔ انہوں  نے کہا کہ موجودہ وزیر اعظم کے ماضی کے ٹویٹس کو میں نے دوبارہ شیئر کیا، آج صرف اپنی حکومت کو عالمی سطح پر منوانے کے لیے یہ اتنا آگے چلے گئے ہیں۔انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ کیا فلسطینی اس حل کو قبول کرتے ہیں؟ ،کیا اس غزہ پیس بورڈ میں فلسطینیوں کی کوئی نمائندگی ہے ؟۔شیخ وقاص اکرم نے کہا جو فلسطینیوں کو قابل قبول نہیں وہ پی ٹی آئی کو بھی قابل قبول نہیں ۔ یہ اپنے لائے گئے نظام کی ہی بے توقیری کر رہے ہیں۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے قائداعظم کے بیانات سب کے سامنے ہیں، فلسطین کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کا بیان بھی واضح ہے ، ہم آفیشلی طور پر مطالبہ کرتے ہیں حکومت غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کا فیصلہ واپس لے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں