مستقل چیئرمین ایچ ای سی کا فوری تقرر کیا جائے : ایپ سپ

مستقل چیئرمین ایچ ای سی کا فوری تقرر کیا جائے : ایپ سپ

منصب 29جولائی 2025سے خالی، جامعات میں ادارہ جاتی ہم آہنگی شدید متاثر ادارہ جاتی استحکام کی بحالی کیلئے وزیراعظم فوری مداخلت کریں ، چیئرمینAPSUP کا خط

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (اے پی ایس یو پی)نے اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں انتظامی امور کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے باقاعدہ چیئرمین کی فوری تقرری کا مطالبہ کیا ہے ۔ چیئرمین اے پی ایس یو پی پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبد الر حمن نے کہا کہ چیئرمین ایچ ای سی کا منصب29جولائی 2025سے خالی ہے ،وزیرِ اعظم کو بھیجے کئے گئے خط میں انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقل چیئرمین ایچ ای سی کی عدم تعیناتی کے باعث اعلی ٰتعلیم سے متعلق پالیسی سازی، طویل المدتی منصوبہ بندی اور جامعات کے درمیان ادارہ جاتی ہم آہنگی متاثر ہو رہی ہے ،خط میں کہا گیا ہے کہ ایچ ای سی ملک میں اعلیٰ تعلیم، معیار کی یقین دہانی، تحقیق کے فروغ، بین الاقوامی تعاون اور جامعات کے نظم و نسق میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے ،چیئرمین کی عدم تقرری سے ادارہ جاتی استحکام اور سٹیک ہولڈرز کے اعتماد پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔اے پی ایس یو پی نے نشاندہی کی کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی 9 رکنی کمیٹی شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کے تحت تقرری کا عمل مکمل کر چکی ،تین شارٹ لسٹ امیدواروں کے نام وزیرِ اعظم آفس کو حتمی منظوری کے لئے بھجوا د ئیے گئے ہیں۔خط کے مطابق ایچ ای سی آرڈیننس کے تحت چیئرمین کی تقرری تین ماہ کے اندر مکمل ہونا ضروری ، تاہم یہ قانونی مدت گزر چکی ہے جس کے باعث ایک اہم قومی ادارے میں انتظامی خلا پیدا ہو گیا ،اے پی ایس یو پی نے نجی شعبے کی جامعات کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیرِ اعظم سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کے عمل کو جلد از جلد مکمل کروائیں تاکہ ادارہ جاتی استحکام بحال ہو ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں