ڈی آئی خان:امن کمیٹی سربراہ نور عالم کے گھر شادی کی تقریب میں دھما کا،5جاں بحق
دھماکے کے وقت امن کمیٹی کے متعدد ارکان موجود تھے ، 10 زخمی ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹراما سنٹر منتقل قریشی موڑ کے قریب دہشت گردی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خودکش لگتا ہے ، پولیس حکام
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈیرہ اسماعیل خان میں امن کمیٹی سربراہ نور عالم کے گھر شادی کی تقریب کے دوران دھماکے میں 10افراد جاں بحق ہوگئے ۔پولیس کے مطابق دھماکا قریشی موڑ کے قریب شادی کی تقریب میں ہوا،دھماکے کے وقت امن کمیٹی کے متعدد ارکان شادی کی تقریب میں موجود تھے ، ڈی پی او سجاد احمد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہیں۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا ہے ۔ متعدد کی حالت تشویشناک ہے ۔ڈی آئی خان پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خودکش لگتا ہے ۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حکام سے قریشی موڑ دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی۔