5برسوں میں قیمتی پتھروں کی برآمدات1ارب ڈالر بڑھانے کیلئے پالیسی تیار

5برسوں میں قیمتی پتھروں کی برآمدات1ارب ڈالر بڑھانے کیلئے پالیسی تیار

3500 ورکرز کی تربیت، 320بین الاقوامی اورایک ہزار مقامی نمائشیں کرائی جائینگی،وزیراعظم کو آگاہ کردیا گیا جمز کی موجودہ دستاویزی برآمدات 70لاکھ ڈالراورغیردستاویزی 2ارب ڈالر،صنعتی فروغ کیلئے پونے 10ارب بجٹ تجویز

 اسلام آباد(مدثرعلی رانا)وفاقی حکومت نے سال 2027سے 2030تک کے لیے قیمتی پتھروں سے متعلق حکومتی پالیسی کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا ہے پالیسی کے ابتدائی مسودے پر وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا گیا ہے اور پھر اسے کابینہ سے جلد منظور کیا جائے گا، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ قیمتی پتھروں کی ایکسپورٹ سے متعلق پالیسی کے ابتدائی مسودے پر متعلقین سے مشاورت کی جائے ، روزنامہ دنیا نیوز کو ملنے والے ابتدائی پالیسی ڈرافٹ کے مطابق جیمز اینڈ جیولری کی پالیسی کے تحت آئندہ پانچ سال میں ایکسپورٹ میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ کیا جائے گا۔ جیمز اینڈ جیولری پالیسی کے تحت آئندہ پانچ سال میں 3500 ورکرز کو تربیت فراہم کی جائے گی، 320 انٹرنیشنل اورایک ہزار مقامی نمائشیں منعقد کی جائیں گی، دستاویز کے مطابق آئندہ پانچ سال میں جیم اسٹون سینٹر کے ذریعے چھ کروڑ 24 لاکھ کی ویلیو ایڈیشن کی جائے گی۔

دستاویز میں مزید ظاہر ہے کہ آئندہ پانچ سال میں قیمتی پتھروں کی ایکسپورٹ سے متعلق 48 مشینوں کی سہولت فراہم کی جائے گی، آئندہ چار سال میں قیمتی پتھروں کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے نو ارب 78 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا جائے گا، جیمز اسٹون کی اصل برآمدات تاحال دستاویزی نہیں، پرانے مائننگ طریقوں اور ٹیکنالوجی کے باعث آدھی پیداوار ضائع ہو جاتی ہے ، غیر سائنسی بلاسٹنگ اور ڈرلنگ سے 30 تا 40 فیصد قیمتی پتھر ضائع ہو جاتے ہیں، اکثر جیمز بغیر ویلیو ایڈیشن اور خام حالت میں برآمد ہو جاتے ہیں، بین الاقوامی تعاون اور سرمایہ کاری نہ ہونے سے اس شعبے کو چیلنجز کا سامنا ہے ، جدید مائننگ ٹیکنالوجی سے جمز کی پیداوار اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے ، پالیسی کے تحت جمز میں ویلیو ایڈیشن سے ایکسپورٹس میں کئی گنا اضافہ ہوگا، پاکستان میں جمز کی برآمدات کی صلاحیت 2 ارب ڈالر ہے جو غیر دستاویزی ہے ، فی الحال صرف 70 لاکھ ڈالر جمز کی دستاویزی برآمدات ہو رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں