ملکی سالمیت کیلئے سیاسی اتحاد برقرار
لاہور (سپیشل رپورٹر) سابق وزیر اعظم، پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سیاسی اتحاد ملکی سالمیت کیلئے ضروری تھا اور ضرورت کے مطابق یہ اتحاد برقرار رہے گا۔
پیپلز پارٹی کو سازش کے تحت پنجاب کی پاور پالیٹکس سے نکالا گیا،پیپلز پارٹی پنجاب میں دوبارہ مضبوط ہو رہی ہے اور آنے والے وقت میں پارٹی کلیدی کردار ادا کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی لاہور کے جوہر ٹائون آفس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راجہ پرویز اشرف کا لاہور پہنچنے پرپیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر، مجید غوری، چودھری ریاض، عامر نصیر بٹ ودیگر رہنمائوں نے شاندار استقبال کیا۔اس موقع پر تقریب بدمزگی کا شکار ہوگئی جب جوہر ٹائون آفس میں کارکنوں کی آپس میں دھکم پیل اور گالم گلوچ شروع ہوگئی بعد ازاں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے معاملہ رفع دفع کرا دیا ۔