7ماہ میں ایف بی آر کو 372 ارب کے شارٹ فال کا سامنا
اسلام آباد (مدثر علی رانا) وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو رواں مالی سال جولائی تا جنوری کے دوران 372 ارب روپے کا ریونیو شارٹ فال کا سامنا ہے ۔
جنوری 2026 میں 1031 ارب روپے کے ماہانہ ہدف کے مقابلے میں اب تک 986 ارب روپے وصول ہوئے ہیں، تاہم توقع ہے کہ آج 31 جنوری تک ہدف پورا کر لیا جائے گا کیونکہ اس دن تمام لارج، میڈیم اور کارپوریٹ ٹیکس پیئرز آفسز کھلے رہیں گے اور اضافی 45 ارب روپے کی وصولی متوقع ہے ۔حکام نے بتایا کہ سُپر ٹیکس کی مد میں جنوری سے مارچ کے دوران 200 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے ۔ رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ میں ایف بی آر نے مجموعی طور پر 7140 ارب روپے سے زائد محصولات جمع کیے اور 340 ارب روپے کے ریفنڈز ادا کیے ۔ انکم ٹیکس کی مد میں 3496 ارب، سیلز ٹیکس میں 2240 ارب، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں 462 ارب اور کسٹمز ڈیوٹی میں 750 ارب روپے کی وصولی ہوئی۔ایف بی آر نے آئی ایم ایف کے ساتھ مارچ 2026 تک 9917 ارب روپے محصولات جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کے لیے اب 2765 ارب روپے کی وصولی باقی ہے ۔ ہدف کی تکمیل اور محصولات میں اضافے کے لیے تمام ریجنل اور کارپوریٹ آفسز آج کھلے رکھے جائیں گے اور وصولیوں کی رفتار بڑھائی جائے گی۔