متعدد بالائی علاقوں میں آج بھی بارش و برفباری کا امکان
اسلام آباد ،مظفر آباد ،گلگت (اپنے رپورٹرسے ،اے پی پی)ملک کے بیشتر علاقوں میں آج ہفتہ کو موسم سرد اور خشک/مطلع جزوی ابرآلودجبکہ گلگت بلتستان،آزادجموں و کشمیر ، بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش وبرفباری کے ساتھ موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ، پہاڑی علاقوں میں شدید سردرہا۔اس دوران کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 10 ،استور منفی 9، کالام ،گوپس منفی 8، سکردومنفی 7 ،مالم جبہ منفی 5اورپارا چنارمیں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات کے مطابق آج 31 جنوری سے 2 فروری کے دوران گلگت بلتستان کے مختلف بالائی و پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث سڑکوں کے بند ہونے ، لینڈ سلائیڈنگ یا برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے جبکہ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزادجموں وکشمیر کے مطابق بھی آج 31 جنوری سے 3 فروری کے دوران آٹھ اضلاع میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی بندش اور آمدورفت میں رکاوٹ کا شدید خدشہ ہے ،شہری غیر ضروری سفر سے گریز اورمقامی رہائشی احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔