لاہور :بسنت پر دیگر شہروں سے بھی پتنگیں لانے کی مشروط اجازت
ٹرانسپورٹیشن پرمٹ پر تفصیلات شامل کرنا لازمی ،بڑی چھتوں کیلئے بھی ضابطہ اخلاق جاری پتنگ بازی ایکٹ پر 1304 ملزم گرفتار،بسنت پر بارش کا امکان نہیں:چیف میٹرولوجسٹ
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ،آن لائن،این این آئی)ضلعی انتظامیہ لاہور نے بسنت کے دوران شہر میں پتنگوں اور متعلقہ سامان کی قلت کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرون لاہور سے پتنگیں اور ڈور لانے کیلئے مشروط اجازت دیدی،اس مقصد کیلئے ٹرانسپورٹیشن پرمٹ نظام کے تحت رجسٹرڈ تاجروں کو ہی کاروبار کی مشروط اور قانونی اجازت ہو گی ،انہیں تفصیلات فراہم کرنا ہونگی۔دوسری طرف بڑی چھتوں پر بسنت منانے کا ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا گیا، 30سے زائد افراد کے اجتماع کیلئے اجازت نامہ درکار ہوگا۔ادھر چیف میٹرولوجسٹ نے 6 سے 8 فروری تک بسنت کے موقع پر لاہور میں بارش کے امکان کو رد کرتے ہوئے موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر)محمد علی اعجاز نے بسنت پر پتنگ و ڈور کی طلب و رسد کے توازن کیلئے اہم حکم جاری کر دیا جس کے تحت صرف ای بیز (e-Biz)پورٹل پر تاجروں کو آن لائن ٹرانسپورٹیشن پرمٹ کے اجرا کی جدید سہولت دی گئی ہے ، پرمٹ میں لائی جانے والی پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی مقدار اور تفصیلات شامل کرنا لازمی ہوگی جبکہ گاڑی کا نمبر، ماڈل اور ڈرائیور کی معلومات بھی پرمٹ میں درج ہونگی، ہر پرمٹ صرف ایک بار سامان منگوانے کے لیے کارآمد ہوگا ،پرمٹ کے اجرا سے بیرون لاہور سے پتنگیں منگوانے کے عمل میں توازن پیدا ہوگا، جس سے نرخوں میں استحکام ممکن ہوگا ۔ شہر بھر میں صرف ڈپٹی کمشنر کی منظور شدہ کمرشل جگہوں پر ہی کاروبار اور سٹوریج کی اجازت ہے ۔
رجسٹرڈ تاجر ای بیز پورٹل کے ذریعے ٹرانسپورٹیشن پرمٹ کی درخواست دائر کریں گے ،دوسرے اضلاع سے سامان لانے کیلئے پیشگی ٹرانسپورٹیشن اجازت نامہ حاصل کیا جائے گا،پتنگوں پر مذہبی، سیاسی، شخصی یا ملکی پرچم جیسی تصاویر ہرگز نہ ہوں دورانِ ترسیل اور گوداموں میں انسپکشن کیلئے ٹیموں سے مکمل تعاون کیا جائے ،دھاتی ڈور اور ممنوعہ کیمیکل کے استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن(ر)علی اعجاز کا کہنا ہے کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 پر عملدرآمد سے محفوظ اور پرامن تفریح یقینی بنا رہے ہیں ، بسنت فیسٹیول کے دوران شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے ،ممنوعہ سامان کی خرید و فروخت روکنے کیلئے موثر مانیٹرنگ کا نظام فعال ہے ۔ دریں اثنا بسنت پر 30افراد یازائد گنجائش والی نجی وکمرشل عمارتوں کی چھتوں کے لئے اجازت نامہ درکارہوگا، دستاویزات کی فراہمی اورآن لائن اجازت نامہ کا طریقہ کار جاری کردیا گیاہے ۔
درخواست گزاراپنا اصل شناختی کارڈ دونوں اطراف سے پورٹل پراپ لوڈ کریں گے ،این او سی کیلئے چھت کی تازہ ترین واضح تصاویرفراہم کرنا ہوں ، کرایہ داروں کیلئے مالک مکان کا رضا مندی لیٹر جمع کرانا لازم ہے ۔علاوہ ازیں دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف پنجاب پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واضح کیا ہے کہ صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے ، لاہور میں موثر اقدامات کے نتیجے میں 1304 ملزم گرفتار کئے گئے جبکہ 79 ہزار 772 پتنگیں اور 1314 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو میں چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر ظہیر بابر نے بتایا کہ بسنت کے تینوں دن موسم اچھاہوگا، اس دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ،شہری موسم بہار کے تہوار کو بھرپور طریقے سے انجوائے کرسکیں گے ۔