چیف جسٹس یحییٰ آفرید ی سے سلمان اکرم کی ملاقات،پی ٹی آئی تحفظا ت سے آگاہ کیا

چیف جسٹس  یحییٰ آفرید ی  سے  سلمان اکرم کی ملاقات،پی ٹی آئی  تحفظا ت  سے آگاہ  کیا

ملاقات 30 منٹ جاری رہی، رہنماؤں کادھرنا ختم ، ذاتی معالج کو رسائی دینے کی یقین دہانی کرائی گئی :سلمان اکرم عمران کوجس ہسپتال لایا گیا وہاں مرض کا ڈاکٹر ہی نہیں:سہیل آفریدی ،چھوٹے مسئلے کیلئے ہسپتال نہیں لایا گیا:بابر اعوان

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجاکی چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی سے ملاقات ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات 30 منٹ سے زائد جاری رہی۔ملاقات میں سلمان اکرم راجا نے چیف جسٹس کو پی ٹی آئی کے تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا، ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے دھرنا  ختم کردیا۔تحریک انصاف کی قیادت چیف جسٹس یحیی آفریدی سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچی، پہلے سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی جو 10 منٹ جاری رہی۔سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ کی رجسٹرار سے ملاقات کے بعد اٹارنی جنرل سے ملاقات ہوئی۔کچھ دیر بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بھی سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے ۔ دھرنے کے دوران سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس بھی پہنچ گئے ، پی ٹی آئی کارکنوں نے سپریم کورٹ کے باہر نعرے بازی کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج کو اڈیالہ بھیجنے سے انکار کردیا ہے ، پی ٹی آئی کی جانب سے نجی ہسپتال کے دو ڈاکٹرز کا نام دیا گیا ہے ۔پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ نجی ہسپتال کے دو ڈاکٹرز کو بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ کے لیے بھیجا جائے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت دو پرائیویٹ ڈاکٹرز کے ناموں پر غور کر رہی ہے ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے آگے ہمیں کچھ قبول نہیں، فسطائی نظام بانی کو جیل سے ہسپتال لے کر جاتا ہے پانچ دن تک جھوٹ بولا جاتا ہے ۔سلمان راجا نے کہا کہ آج چیف جسٹس اور اٹارنی جنرل سے ملاقاتیں ہوئیں۔ بتایاگیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی بہنوں کو میڈیکل رپورٹس دے دی جائیں گی، رپورٹس ملنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی دینے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے لائحہ عمل دینے کا حتمی اختیار محمود اچکزئی، راجا ناصر عباس کو دیا ، میڈیکل رپورٹ سے ہمیں بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی صورتحال کا پتہ چل جائے گا۔علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ ہر شخص کے بنیادی حقوق ہیں جنہیں ختم کرنا ظلم ہے ، اس وقت ظالم حکمران ہیں، ظالم نااہل ہوتا ہے ، یہ غاصب ہیں جو غیرآئینی کام کررہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بند رکھنا ڈرٹی پالیٹکس ہے ۔وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے طبی دہشت گردی اور غفلت کی گئی ہے ، انہیں ایسے ہسپتال لایا جاتا ہے جہاں اس مرض کا ڈاکٹر ہی نہیں ۔ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو سڑکوں پر خوار کیا جارہا ہے ، ایک وزیراعلی کو ائیر فورس کا جہاز دے کر دنیا گھمائی جارہی ہے ، حالات کو اس طرف لے جایا جارہا ہے جہاں سے واپسی ناممکن ہوگی، سارے دروازے بند کیے جائیں تو آئین ہمیں پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ میں تو چاہتا ہوں یہ مجھے گرفتار کریں، میں تیار ہوں، کوئی مجھے گرفتار کرنے آئے ۔پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ بتایا گیا کہ چھوٹا سا مسئلہ تھا اس لیے رات کو پمز لایا گیا لیکن عمران خان کو چھوٹے مسئلے کے لیے نہیں بلکہ کسی بڑے مسئلے کی وجہ سے ہسپتال لایا گیا۔بابر اعوان نے کہا کہ پہلے کہا گیا بانی پی ٹی آئی صحت مند ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو اجازت دیں تاکہ اپنے بھائی کو دیکھ سکیں۔ ادھر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کو خط لکھ دیا،خط میں بانی اور بشریٰ بی بی کے کیسز جلد مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومتی وزراء بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق مسلسل جھوٹ بولتے رہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں