اچکزئی دھرنے میں غیر حاضر، پی ٹی آئی ارکان کاجوش محدود رہا

اچکزئی دھرنے میں غیر حاضر، پی ٹی آئی ارکان کاجوش محدود رہا

ناصر عباس اور بعض پی ٹی آئی ارکان بھی دھرنے میں تاخیر سے شامل ہوئے

اسلام آباد (سہیل خان) سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر دھرنا دینے والے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی اور ان کے کابینہ کے ساتھی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے منتظر رہے جبکہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس کئی گھنٹوں بعد دھرنے میں پہنچے ۔وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کی چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات نہ ہونے پر پی ٹی آئی کے ارکانِ پارلیمان اور دیگر رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے گیٹ سے ملحقہ سبزہ زار میں دھرنا دیا۔ دھرنے کی اطلاع ملتے ہی پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود بعض پی ٹی آئی ارکان وہاں پہنچنے کی کوشش کرتے رہے تاہم دھرنا دن بھر جاری رہا۔

ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی کی اڈیالہ جیل کے باہر مظاہرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے باقاعدہ آمد کے باعث سہیل آفریدی سپریم کورٹ کے باہر بھی دونوں ایوانوں کے اپوزیشن لیڈرز کے منتظر رہے تاہم قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر دھرنے میں شریک نہ ہو سکے ۔سینیٹر راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کے اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کا سپریم کورٹ کے باہر یہ پہلا دھرنا تھا۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکن محمود خان اچکزئی کی آمد کے منتظر رہے ، تاہم دھرنے میں ارکانِ پارلیمان کا جوش و خروش محدود رہا۔دھرنے کے دوران وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی، جنید اکبر خان اور سلمان اکرم راجہ بعض ایم پی ایز کے ساتھ دریاں بچھا کر بیٹھے رہے ، جبکہ پارلیمنٹ میں موجود پی ٹی آئی کے کئی ارکان دھرنے کے مقام پر نہ پہنچ سکے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں