پختونخواسکیورٹی :ڈیڑھ لاکھ بچوں کاپولیوویکسین سے محرومی کاخدشہ
بنوں ،ڈی آئی خان میں انکار تاحال مسئلہ،کراچی کے 32ہزاربچے پولیو پھیلائوکابڑاخطرہ
اسلام آباد(فوزیہ علی) سال 2026 کی پہلی انسداد پولیو مہم 2 فروری سے شروع ہوگی جس میں ساڑھے 4 کروڑ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے تاہم خیبر پختونخوا کے دو اضلاع میں ڈیڑھ لاکھ بچے ویکسین سے محروم رہنے کا خدشہ ہے کیونکہ وہاں پر پولیو ٹیموں کی بچوں تک رسائی ممکن نہیں جبکہ والدین کی جانب سے ویکسین پلانے سے انکار بھی تاحال ایک بڑا مسئلہ ہے ۔ انسداد پولیو پروگرام کے کوآرڈی نیٹر محمد انوارالحق کے مطابق سکیورٹی صورتحال کے باعث خیبر پختونخوا کے 2 اضلاع بنوں اور ڈی آئی خان میں بچے پولیو کے قطروں سے محروم ہیں۔ فروری 2025 میں یہ تعداد 4 لاکھ 65 ہزار تھی جو سال کے آخر تک ڈیڑھ لاکھ تک رہ گئی ہے ۔ اسی طرح کراچی میں انکار کرنے والے کیس42 ہزار سے کم ہو کر 32 ہزار رہ گئے ہیں، تاہم یہ بچے پولیو کو پھیلانے کیلئے بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ دسمبر 2025 میں منعقدہ انسداد پولیو مہم میں ایک لاکھ 49 ہزار بچوں تک پولیو ٹیموں کی رسائی ممکن نہیں ہوئی تھی جبکہ 55 ہزار والدین نے ویکسین پلانے سے انکار کردیاتھا۔