8 فروری ہڑتال :اپوزیشن اتحاد کی یونین کونسل سطح پر کمیٹیاں تشکیل
اسد قیصر فوکل پرسن مقرر ، کمیٹیاں ڈور ٹو ڈورہڑتال میں شمولیت کی دعوت دینگی بسنت کی تدبیر الٹی پڑ گئی ، صبح ہڑتال ، رات کو مشعل بردار ریلی نکالی جائیگی ، شیخ وقاص
راولپنڈی، اسلام آباد (نیوزرپورٹر، اپنے رپورٹر سے ) تحریک انصاف نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی مشاورت سے 8 فروری کو پہیہ اور شٹر ڈاؤن ہڑتال،رات کو مشعل بردار ریلی اور دیگر احتجاجی پروگرام کیلئے یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو فوکل پرسن مقرر کرکے ان کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 7 فروری تک ڈور ٹو ڈور، دکان ٹو دکان، مارکیٹ ٹو مارکیٹ، تاجر یونینز، طلبہ یونینز، ٹرانسپورٹ یونین اور دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے پاس جا کر ان کو ہڑتالی پروگراموں میں شمولیت کی دعوت دیں۔ پارٹی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے احتجاج کی تفصیلات اور مکمل پروگرام سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فروری کے پہلے ہفتے میں بسنت کا اعلان کرکے اب حکومت انتہائی مضحکہ خیز قسم کی پابندیاں لگانے کے نوٹیفکیشن جاری کر رہی ہے ۔
بسنت منانے والوں کو پی ٹی آئی یا اسکی کسی بھی ذیلی تنظیم نے کوئی ہدایت یا درخواست نہیں کی کہ وہ پتنگوں پر عمران خان کی تصویر چھپوائیں یا قیدی نمبر 804 لکھوائیں، یہ تو عمران خان کے ساتھ نوجوانوں کی محبت اوراحتجاج کا ایک طریقہ ہے جس پر ہمارا کوئی کنٹرول یا تحریک نہیں ۔انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر بنائی ہوئی کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کی تیاریوں کے سلسلے میں اسد قیصر کورپورٹ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں احتجاج یونین کونسل کی سطح پر ہو گا اور ملک کے باقی صوبوں میں ضلعی لیول پر ہو گا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کوئی بڑا جلسہ نہیں ہو گا۔ خالد نواز سدھرائچ نے بتایا کہ دن کے وقت ہڑتال ہوگی جبکہ رات کو مشعل بردار ریلی نکالی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 8 فروری کے احتجاج کوناکام بنانے کیلئے بسنت کا اعلان کیا مگر اس کی یہ تدبیر بھی الٹی پڑ گئی ۔