تیراہ میں دہشتگردی کا خاتمہ ،امن بحال کیاجائے :باڑہ اتحاد
متاثرین کی رجسٹریشن میں سیاسی مداخلت ،کرپشن کی تحقیقات ،کارروائی کی جائے متاثرین کی باعزت واپسی ممکن بنائی جائے :جرگے کی صوبائی حکومت پر شدید تنقید
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)باڑہ سیاسی اتحاد کے تیراہ معاملے پر اہم جرگے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وادی تیراہ میں فوری طور پر مکمل امن بحال کیا جائے اور مستقبل میں پائیدار امن کی واضح ضمانت دی جائے ۔ خوارج کی جانب سے فائرنگ، شیلنگ، گھروں پر مارٹر حملے اور کواڈ کاپٹر گرانے جیسے اقدامات فوری طور پر بند کیے جائیں۔ متاثرین کی باعزت واپسی اور وعدوں کی تحریری و عملی تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ رجسٹریشن کے عمل میں سیاسی مداخلت، اقربا پروری اور کرپشن کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ تیراہ میں گھر یا جائیداد رکھنے والے تمام رہائشیوں کو آئی ڈی پیز اسٹیٹس دے کر مکمل رجسٹریشن اور امدادی پیکیج میں شامل کیا جائے ۔باڑہ سیاسی اتحاد کا یہ اہم جرگہ گزشتہ روز باڑہ میں اختتام پذیر ہوا، جس میں تیراہ کے نمائندہ قبائلی عمائدین اور مشران نے صوبائی حکومت کی بدانتظامی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر مستقبل کے لائحہ عمل پر اتفاق کیا۔
جرگے نے واضح کیا کہ متاثرینِ تیراہ کے مسائل کسی ایک علاقے یا قبیلے تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک اجتماعی قومی مسئلہ ہے جس کا حل مزید تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔جرگے نے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور متاثرین میں چار ارب روپے کی تقسیم میں کرپشن اور سیاسی مداخلت کو سخت تنقید کا موضوع قرار دیا۔ شرکا نے کہا کہ متاثرین کی رجسٹریشن کے عمل میں سیاسی مداخلت اور اقربا پروری نے امدادی عمل کو متاثر کیا، جس کے خلاف غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی ضروری ہے ۔قومی جرگے کا ایجنڈا سابق چیئرمین باڑہ سیاسی اتحاد حاجی شیریں آفریدی نے پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ خوارج کے ساتھ دو مرتبہ جرگہ کیا گیا مگر دونوں ناکام رہے ، جس کے بعد جرگے کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور تیراہ کے مشران کو سونپ دی گئی، تاہم وہ بھی کامیاب نہ ہو سکے ۔
جرگے نے کہا کہ وہ متاثرین کے حقوق کے حصول تک ہر فورم پر ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ جرگے نے صوبائی حکومت سے فوری طور پر متفقہ اعلامیہ پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اپر باڑہ اور باڑہ پلین ایریا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہو چکی ہے ، جسے ہنگامی بنیادوں پر کنٹرول کیا جائے ۔جرگے نے سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان کے خلاف بروقت اور موثر کارروائی کو خراج عقیدت پیش کیا اور دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کو یاد کیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ شہدا نے اپنی جانیں قربان کر کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔جرگے نے اعلان کیا کہ قیام امن کے لیے آج سے باڑہ میں امن تحریک کا آغاز کیا جائے گا تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ سیاسی اتحاد نے واضح کیا کہ متاثرینِ تیراہ کے مسائل کا حل تاخیر برداشت نہیں کر سکتا اور وہ متاثرین کے حقوق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔