پاکستان پوسٹ 3 ماہ گزرنے کے باوجود نیا بزنس پلان پیش نہ کرسکا
وزارت مواصلات نے خسارہ ختم کرنے کیلئے بزنس پلان بنانے کی ہدایت کی تھی بزنس پلان منظور نہ ہونے کی صورت میں ادارے کو پرائیویٹائز کرنیکا فیصلہ کیا جا ئیگا
اسلام آباد (ایس ایم زمان ) پاکستان پوسٹ سالانہ 12 ارب روپے سے زائد خسارہ ختم کرنے کیلئے تاحال نیا تجارتی ماڈل وزارت مواصلات کو پیش نہیں کر سکا ، وزارت نے خسارہ ختم کرنے کے لئے نیا بزنس پلان تیار کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ بزنس پلان منظور نہ ہونے کی صورت میں کابینہ کمیٹی رائٹ سائزنگ کی سفارشات کے مطابق پاکستان پوسٹ آفس کی نجکاری کا فیصلہ کیا جائے گا۔ کابینہ کمیٹی رائٹ سائزنگ نے ادارے کی نجکاری کی سفارشات دی ہیں، تاہم وزارت مواصلات نے نجکاری کو موخر کرنے اور پاکستان پوسٹ کو نئے بزنس پلان کے تحت چلانے کی تجویز دی تھی۔
کابینہ کمیٹی نے کہاپاکستان پوسٹ کا سالانہ بجٹ 25 ارب روپے سے زیادہ جبکہ آمدنی نو ارب روپے ہے ، پاکستان پوسٹ آفس کو فوری طور پر لازمی اداروں کی فہرست سے نکال کر نجکاری والے اداروں میں شامل کیا جائے ، وزارت نے پاکستان پوسٹ آفس کو نجکاری سے بچانے کیلئے نیا بزنس پلان تیار کرنے کی ہدایت کی تھی ، وزیر مواصلات نئے بزنس پلان کے بعد ادارے کو پرائیویٹائز کرنے کے حوالہ سے حتمی فیصلہ کے لیے سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائیں گے تاہم پاکستان پوسٹ نے 3 ماہ گزرنے کے باوجود نیا بزنس پلان وزارت کو نہیں بھجوایا۔