زندہ خاتون کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ کا نوٹس
نادرا میگا سینٹر ڈیفنس کے دورے میں حکام کو دستاویزات درست کرنے کی ہدایت حکام شہریوں کابار بار کے بجائے ایک ہی وزٹ میں کام کریں، محسن نقوی، ہدایت
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، خبر ایجنسی) کراچی میں نادرا کی جانب سے ایک شہری کی زندہ بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوٹس لے لیا۔ ترجمان کے مطابق محسن نقوی نے کراچی میں 24 گھنٹے اوپن نادرا سینٹر ڈیفنس کا اچانک دورہ ،شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے آئے شہریوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہریوں نے تاخیر سے باری آنے کی شکایات کیں۔وزیر داخلہ نے شہریوں کو مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ان کی شکایات کے ازالے کے لیے احکامات دیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سسٹم کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے ، تاخیر کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کریں گے ۔ترجمان کے مطابق وہاں موجود ایک شہری نے بتایا کہ ان کی زندہ بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا۔شہری کی شکایت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے محسن نقوی نے حکام کو دستاویزات موقع پر ہی درست کرنے کی ہدایت کی۔ ترجمان نے بتایا کہ ایک خاتون نے شناختی کارڈ پر نام کے غلط اندراج کی شکایت کی، جس پر وزیر داخلہ نے انچارج نادرا سینٹر کو بغیر اضافی فیس کے نام کی درستگی کی ہدایت کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی مختلف کاؤنٹرز پر گئے ، عملے سے ملاقات کی اور ہدایت کی کہ شہریوں کا کام مقررہ وقت میں مکمل کریں، بار بار چکر لگوانے کے بجائے ایک ہی وزٹ میں کام یقینی بنایا جائے اور ان کی پوری رہنمائی کی جائے ۔