14فروری کو سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دینگے،حافظ نعیم،کراچی میں بڑا احتجاجی مارچ
وزیر اعلیٰ اور قابض میئر کراچی خود عوام کی جان چھوڑدیں ورنہ جنریشن زی کے ہاتھوں بے دخل ہونگے :امیرجماعت اسلامی پورے ملک میں بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنانا ہوگا،شارع فیصل پرشرکاسے خطاب، اپنا حق لے کر رہیں گے :منعم ظفرخان
کراچی (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہم وزیر اعلیٰ سندھ اور قابض میئر کراچی سے کہتے ہیں وہ خود عوام کی جان چھوڑیں گے یا پھر جنریشن زی کے ہاتھوں بے دخل ہوں گے ، اب قبضے کا نظام نہیں چلے گا،بھٹو خاندان اور40 وڈیروں نے سندھ کو یرغمال بنایا ہوا ہے ، 14فروری کو سندھ اسمبلی پر دھرنا دیں گے اور اہل کراچی کا حق اور اختیار لے کر اٹھیں گے ، پہلے کے دھرنے میں ہم سے جو وعدے کیے گئے وہ پورے نہیں ہوئے ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور واٹر کارپوریشن سمیت شہری ادارے با اختیار شہری حکومت کے حوالے کرنا ہوں گے ۔اتوار کو شارع فیصل پر عظیم الشان جینے دو کراچی مارچکے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم کاکہنا تھا ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کراچی پر نہ وفاق نہ صوبے کا قبضہ چلے گا، اس شہر کو آئین کے تحت با اختیار شہری حکومت دی جائے ، جس میں تمام ادارے اس کے ماتحت ہوں اور اس شہری حکومت کو تمام مالی و انتظامی اختیارات حاصل ہوں۔
ملک کے عوام بادشاہی نظام اور شہزادوں کا راج نہیں چاہتے ، پورے ملک میں تمام صوبوں کو بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنانا ہوگا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی خاندانوں، وراثت اور وصیت کے نام پر چلنے والی پارٹیاں ہیں اور ان کا جمہوریت سے دور دور تک تعلق نہیں، ان غیر جمہوری اور غیر سیاسی قابض لوگوں کو اپنے سروں سے ہٹانا ہوگا،سانحہ گل پلازہ پر ہائیکورٹ کے سینئر جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ،آج تک زرداری اور بلاول گل پلازہ نہیں پہنچے ، کراچی 42فیصد ٹیکس دیتا ہے ،54فیصد ریونیو ایکسپورٹ کرتا ہے لیکن شہباز شریف بھی آج تک گل پلازہ نہیں آئے ،شہر کے لوگوں نے جماعت اسلامی کو ووٹ دیا تھا کہ میئر جماعت اسلامی کا ہوگا، حالات تبدیل ہو جائیں گے لیکن ان کو یہ قبول نہیں تھا، انہیں نعمت اللہ خان کا دور نہیں دہرانا، انہیں چور اور ڈاکو چاہیے ہوتے ہیں جن کا سوئچ کھولو چل پڑتے ہیں، بند کرو بند ہو جاتے ہیں، اسی لیے سیٹیں بھی ان کو دے دیتے ہیں، میئر شپ بھی ان کو دے دیتے ہیں لیکن اب یہ نہیں چلے گا۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ شارع فیصل پر لاکھوں مردو خواتین اعلان کرتے ہیں کہ اہل کراچی کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔