وکلا عدالتی نظام کا اہم ستون ہیں:چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ
انصاف کی فراہمی مشترکہ ذمہ داری ہے :جسٹس عتیق شاہ، بار اور بینچ تعاون پر زور مردان میں چھ عدالتوں کی تعمیر، وکلا لائبریری کا افتتاح، نوتعمیر مال خانے کا معائنہ
مردان (خورشیدوہاب)چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فہیم ولی خان نے مردان ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا دورہ کیا، ڈسٹرکٹ کورٹس میں نوقائم شدہ مال خانے کا معائنہ کیا، ضلعی عدلیہ مردان میں چھ عدالتوں کی تعمیر کے منصوبے کی سنگ بنیاد رکھا اور وکلا لائبریری کا افتتاح کیا۔ وکلا لائبریری میں جدید قانونی کتب، ریسرچ مٹیریل، ڈیجیٹل سہولیات اور مطالعہ کیلئے موزوں ماحول فراہم کیا گیا ہے ۔ چیف جسٹس نے کورٹس رومز کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے اور معیار یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ چیف جسٹس نے کہا علمی و تحقیقی سہولیات کی فراہمی سے عدالتی نظام مزید مضبوط ہوگا۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن آصف اقبال اور جنرل سیکرٹری ذوالفقار علی خان نے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے یقین دلایا کہ تمام جائز مطالبات کو مرحلہ وار پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔ وکلا عدالتی نظام کا اہم ستون ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے بغیر انصاف کی بروقت فراہمی ممکن نہیں۔ چیف جسٹس نے بار اور بینچ کے مضبوط باہمی تعاون پر زور دیا اور کہا کہ انصاف کی فراہمی ایک مشترکہ ذمہ داری ہے ۔