لاہور :ٹرانسپورٹرز نے ازخود کرائے بڑھا دیئے ،مسافر پریشان

 لاہور :ٹرانسپورٹرز نے ازخود کرائے بڑھا دیئے ،مسافر پریشان

راولپنڈی کا کرایہ بڑھا کر 1750، رحیم یارخان کا 1900روپے کردیا ڈیزل کی قیمت میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے :شہریوں کا مطالبہ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد لاہور میں ٹرانسپورٹرز نے خود ساختہ طور پر کرایوں میں اضافہ کردیا ۔مسافر بسوں کے کرایوں میں 50روپے سے 150روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا۔جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے لاہورسے راولپنڈی کا کرایہ 1600 سے بڑھا کر سے 1750کردیا جبکہ ڈیڑھ سو روپے اضافے کے ساتھ لاہورسے رحیم یارخان کے 1900روپے وصول کئے جارہے ہیں ،لاہور سے گوجرانوالہ کا کرایہ بھی بڑھا دیا گیا۔مسافروں کاکہنا ہے کرائے بڑھنے سے مشکلات بڑھ چکیں،روز مرہ کی اشیا بھی مہنگی ہو رہی ہیں، ڈیزل کی قیمت میں کمی کرکے عوام کی ریلیف دیا جائے ۔خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرول کی فی لٹر قیمت 253 روپے 17 پیسے برقرار رکھی گئی ہے جبکہ فی لٹر ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 268 روپے 38 پیسے ہو گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں