قازق صدر اسلام آباد پہنچ گئے ، پر تپا ک ا ستقبال

قازق صدر اسلام آباد پہنچ گئے ، پر تپا ک ا ستقبال

پاک فضائیہ کے طیاروں نے پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی حصار میں لے لیا 21توپوں کی سلامی،صدر ، وزیراعظم نے نور خان ایئر بیس پر استقبال کیا

 راولپنڈی ،اسلام آباد ( نامہ نگار ،خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک )قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ،مہمان  نوازی کی اعلیٰ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ، پاک فضائیہ کے چھ لڑاکا طیاروں پر مشتمل ایک خصوصی دستے نے قازقستان کے صدر کے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی اپنے حصار میں لے لیا ،مہمان صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی ۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نورخان ایئربیس پر پرتپاک استقبال کیا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار،وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی استقبال کیلئے موجود تھے ۔ قازق صدر طیارے سے باہر آئے تو صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا ۔

روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انہیں پھول پیش کئے ۔قاز ق صدر کا صدر زرداری اور وزیراعظم سے خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ دونوں ممالک کے پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا، قاسم جومارت توکایووف صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے ،اس کے علاوہ وہ پاکستان قازقستان بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے ۔ قازقستان کے صدر کے ساتھ سینئر وزرا اور سرکاری حکام پر مشتمل اعلی ٰسطح کا وفد بھی ہے ، دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے ۔ قازقستان کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے ، تاریخی و ثقافتی قربتوں کو موثر عملی تعاون میں بدلنے کے باہمی عزم کو اجاگر کرتا ہے اور خطے میں امن و ترقی کیلئے دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش کی نمائندگی کرتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں