ایپسٹین فائلز میں عمران خان اور شاہ محمود کے نام بھی شامل

ایپسٹین فائلز میں عمران خان اور شاہ محمود کے نام بھی شامل

سیکڑوں سیاستدانوں، کاروباری شخصیات اور عالمی اثر و رسوخ والے افراد کا ذکر ایپسٹین فائلز جنسی مجرم جیفری سے جڑے نیٹ ورک کی ای میل پر مشتمل

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )جیفری ایپسٹین فائلز میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے نام بھی سامنے آ گئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف کی جانب سے جاری کی گئی ایپسٹین فائلز نامی تازہ دستاویزات میں  دنیا بھر کی بااثر اور معروف شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں۔ان فائلز میں پاکستان سے متعلق بھی چند حوالہ جات شامل ہیں، جن میں تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمودکے ناموں کا ذکر موجود ہے ۔ایپسٹین فائلز سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے جڑے نیٹ ورک، روابط، ملاقاتوں اور ای میل خط و کتابت پر مشتمل ہیں۔ ان دستاویزات میں سیکڑوں سیاستدانوں، کاروباری شخصیات اور عالمی اثر و رسوخ رکھنے والے افراد کے نام شامل ہیں۔

ان ای میلز میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے سابق مشیر بورس نیکولک کا نام بھی شامل ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بورس نیکولک اور جیفری ایپسٹین کے درمیان ہونے والی ایک ای میل میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ بل گیٹس پاکستانی میڈیا میں شائع ہونے والی اس خبر پر خوش نہیں تھے جس میں عمران خان سے فون پر ممکنہ گفتگو کا ذکر کیا گیا تھا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس ای میل میں بعض غیر ملکی شخصیات کی ایپسٹین کے ساتھ نجی ملاقاتوں کا ذکر موجود ہے ، جن میں اس وقت کے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نام بھی شامل بتایا گیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ستمبر 2018 کی ایک ای میل میں گولڈمین سیکس سے وابستہ جیڈ زیٹلِن نے جیفری ایپسٹین کو لکھا کہ ان کے خیال میں عمران خان کی قیادت سست رفتار کار حادثے سے مشابہ ہے ، چاہے انہیں چین کی حمایت حاصل ہی کیوں نہ ہو۔ اس رائے کو بھی فائلز میں شامل ذاتی خیالات کے طور پر پیش کیا گیا ہے ۔بعض ای میلز میں جیفری ایپسٹین کو پاکستانی شلوار قمیض کے لیے پسند کا اظہار کرتے دکھایا گیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں