کوئی دہشتگرد اور سہولت کار بخشا نہیں جائیگا:تشدد اور دہشتگردی کسی بھی جواز کے تحت قبول نہیں:فیلڈ مارشل دورہ کوئٹہ میں زخمی جوانوں کی عیادت

کوئی  دہشتگرد اور سہولت  کار بخشا نہیں جائیگا:تشدد اور دہشتگردی کسی  بھی  جواز  کے تحت قبول نہیں:فیلڈ مارشل  دورہ کوئٹہ میں زخمی  جوانوں کی عیادت

دہشتگردوں ،سہولت کاروں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائیگی، افسروں و جوانوں کا پاکستان مخالف سازشوں کو ناکام بنانے ،امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کردار :سی ڈی ایف عاصم منیر فتنہ الہندوستان کے حملوں ،فورسز کی بروقت کارروائیوں پر بریفنگ، عوام ،اہم تنصیبات کے تحفظ کیلئے اقدامات پر غور،فوج ،ایف سی،پولیس کے زخمی اہلکاروں کے حوصلے کو سراہا،وزیراعلیٰ بھی ہمراہ تھے

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کر کے زخمی جوانوں کی عیادت کی اور کہا تشدد اور دہشتگردی کسی بھی جوا ز کے تحت قبول نہیں، کوئی دہشتگرد اور سہولت کار بخشا نہیں جائے گا، پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دورہ کوئٹہ پر بلوچستان میں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور اندرونی سلامتی سے متعلق آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔ جس میں بھارتی حمایت یافتہ عالمی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کی جانب سے حالیہ دہشت گرد حملوں اور سکیورٹی فورسز کی بروقت اور جارحانہ کارروائیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی جنہوں نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ریاست کی رٹ کو مزید مضبوط بنانے ، عوام اور اہم تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جانے  والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ کسی بھی جواز پر تشدد اور دہشت گردی کو درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور قربانیوں کو سراہا، جنہوں نے پاکستان مخالف سازشوں کو ناکام بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فوج، فرنٹیئر کور بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کے بلند حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے مادر وطن کے دفاع میں ان کی جرات اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوئٹہ آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں