الیکشن کمیشن:سہیل آفریدی،علی امین گنڈاپورودیگرکے کیسز17فروری کومقرر
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)الیکشن کمیشن نے موجودہ و سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور دیگر کے خلاف اہم مقدمات کی سماعت 17 فروری کو مقرر کردی۔
کاز لسٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی، علی امین گنڈاپور،وفاقی و صوبائی شخصیات اور مختلف امیدواران کے خلاف انتخابی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق مقدمات کی سماعت کی جائے گی۔ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف عام انتخابات 2024 میں حلقہ پی کے 113 ڈیرہ اسماعیل خان کے کاغذاتِ نامزدگی میں اثاثوں اور واجبات سے متعلق معاملات پر سماعت ہوگی، مشیر اطلاعات شفیع اللہ جان کے خلاف یوٹیوب چینل پر دیئے گئے بیان پر ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے ، جبکہ سہیل خان آفریدی کے خلاف این اے 18 ہری پور کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کیس فائنل دلائل کے لیے مقرر ہے ۔ اس مقدمے میں امیدوار بابر نواز خان بھی فریق ہیں۔ کاز لسٹ کے مطابق ڈاکٹر امجد علی کے خلاف اثاثوں اور واجبات کے گوشواروں میں تضادات کے حوالے سے بھی سماعت ہوگی، جس میں الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت کارروائی شروع کر رکھی ہے ۔