کنوارہ ہونے کی بنیاد پر رہائش نہ دینا غیر قانونی :فوسپا

کنوارہ ہونے کی بنیاد پر رہائش نہ دینا غیر قانونی :فوسپا

کرایہ داری قوانین میں بیچلرکورہائشی سہولت سے محروم نہیں رکھاجاسکتا اس قسم کی پابندیاں ابتداہی سے کالعدم سمجھی جائینگی:خاتون کی درخواست پرفیصلہ

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)اب سے کنوار ے مرد یا خاتون کو رہائش کی سہولت سے محروم نہیں رکھا جاسکے گا۔کنوارے ہونے کی بنیاد پر کسی بھی عورت یا مرد کو رہائش نہ دینا خلاف قانون قرار دیا گیا ہے ۔وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپا)نے نو بیچلرز ہاؤسنگ پابندیوں کو غیرقانونی اور غیر آئینی قرار دے دیا ہے ۔وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی کرایہ داری معاہدہ یا ہاؤسنگ ریگولیشن ازدواجی حیثیت یا صنف کی بنیاد پر بیچلر ہونے کو رہائش سے محروم کرنے کی کوئی قانونی وجہ تسلیم نہیں کرتا۔ فوسپا کے مطابق اس نوعیت کی کوئی بھی پابندی واضح طور پر من مانی اور امتیاز پر مبنی ہے اور اس قسم کی پابندیاں ابتدا ہی سے کالعدم سمجھی جائیں گی۔یہ فیصلہ ایک خاتون کی درخواست پر دیا گیا، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اسلام آباد میں ایک نجی رہائشی عمارت کی انتظامیہ نے امتیازی سلوک کیا۔درخواست گزار کے مطابق شرائط پر عمل کے باوجود انہیں بار بار اس بنیاد پر نشانہ بنایا گیا کہ بیچلرز یہاں نہیں رہ سکتے ۔ فوسپا نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ازدواجی حیثیت یا صنف کی بنیاد پر بیچلر ہونا رہائش سے محروم کرنے کی کوئی قانونی وجہ نہیں بن سکتی۔ ایسے اقدامات مساوات، انسانی وقار اور رہائشی آزادی جیسے بنیادی آئینی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں،فوسپا نے اپنا فیصلہ وفاقی و صوبائی حکام، رینٹ کنٹرولرز، ہاؤسنگ ریگولیٹرز اور ہاؤسنگ سیکٹر کے تمام متعلقہ فریقین کو ارسال کر دیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں