قائمہ کمیٹی میں حج کمپنیوں کی شارٹ لسٹنگ پر سینیٹر کے تحفظات
19میں سے 6کمپنیاں معیار کے مطابق، تمام حج امور میں شفافیت کو یقینی بنایا:وزارت 2025کے متاثرہ حجاج کو ایڈجسٹ کر دیا یا رقم واپس کر دی گئی:اجلاس میں بریفنگ
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )سینیٹ قائمہ کمیٹی مذہبی امور کو بتایا گیا کہ حکومت حج سکیم 2026 کے تما م امور میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ حج سے جڑے معاملات میں کوئی بے ضابطی برداشت نہیں کی گئی، سات رکنی ہائرنگ اینڈ پروکیورمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، پیپرا قوانین کے مطابق ریکوئسٹ فار پروپوزل جاری کی گئی، تکنیکی و مالی جانچ کے بعد سب سے موزوں بولی دہندگان کو ایوارڈ دینے کی سفارش اور تمام فیصلے متفقہ کیے گئے ۔ چیئرمین مولانا عطا الرحمن نے اجلاس کی صدارت کی۔ سینیٹر دانش کمار نے سروسز کمپنیوں کی شارٹ لسٹنگ پر سوالات اٹھائے ۔ وزارت نے وضاحت کی کہ 19 درخواست گزار کمپنیوں میں سے صرف 6 مقررہ معیار پر پوری اتریں۔ خدام الحجاج اور ناظمین کے انتخاب کیلئے دستاویزات کی جانچ آخری مرحلے میں ہے ۔ بتایا گیا کہ 2025 کے نجی شعبے کے متاثرہ حجاج کو 2026 میں ایڈجسٹ کیا گیا یا مکمل رقم واپس کی گئی۔ 60 ہزار کے کوٹہ میں سے 16 ہزار 193 حجاج کیلئے کنٹریکٹنگ باقی جبکہ ٹور آپریٹرز کے 24 مکمل اور ایک جزوی معاہدہ طے پا چکا۔ علاوہ ازیں سینیٹر علی ظفر کا پیش کردہ مسلم فیملی لاز (ترمیمی) بل 2024 محرک کی عدم موجودگی کے باعث نمٹا دیا گیا۔