آلو کی 36نئی عالمی منڈیوں کی فہرست برآمد کنندگان کو فراہم
کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے مربوط اقدامات شروع:رانا تنویر حسین
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا وزارت نے پاکستانی آلو کیلئے A36 ممالک کو ممکنہ برآمدی منڈیوں کے طور پر شناخت کیا اور ان کی فہرست برآمدکنندگان کے ساتھ شیئر کر دی ہے ۔ وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے جاری بیان میں کہا آلو کی قیمت میں شدید کمی کے مسئلے سے نمٹنے ، کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور زرعی منڈی میں استحکام لانے کیلئے بروقت اور مربوط اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ افغانستان سرحد کی بندش کے باعث ملکی منڈی میں اضافی رسد پیدا ہو گئی جس سے کاشتکاروں اور برآمدکنندگان کو نقصان پہنچا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر نے کسانوں کے تحفظ، زرعی برآمدات کے فروغ اور منڈیوں میں تنوع کے ذریعے پائیدار حل یقینی بنانے کیلئے مؤثر بین الوزارتی ہم آہنگی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔