افغان سرزمین سے دہشتگردی، ہمسایہ ممالک کو سکیورٹی خطرات لاحق
دہشتگردی عالمی چیلنج، طالبان انتظامیہ وعدے نبھانے میں ناکام:عالمی میڈیا کا انکشاف
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)افغان طالبا ن رجیم سے ہمسایہ ممالک کو شدید سکیورٹی خطرات لاحق ہو گئے کیونکہ افغان طالبان اپنے وعدوں کے برعکس اپنی سرزمین سے دہشتگردی روکنے میں بری طرح ناکام دکھائی دے رہے ۔ مختلف ممالک میں افغان دہشتگردوں کی دراندازی کے واقعات کے ٹھوس شواہد سامنے آ چکے ہیں۔ خبر رساں ادارے ٹائمز آف سنٹرل ایشیا کے مطابق تاجکستان افغانستان سرحد پر افغان دہشتگردوں کی دراندازی کی تازہ ناکام کوشش کے دوران تاجک سکیورٹی فورسز نے 3 افغان دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق 18 جنوری کو بھی تاجک فورسز نے سرچاشمہ بارڈر پر افغانستان سے دراندازی کی کوشش پر 4 افغان دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔ گزشتہ برس نومبر سے افغانستان تاجکستان سرحد پر دہشتگردی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ افغانستان سے حملوں میں 5 چینی مزدور ہلاک ہو چکے اور دسمبر 2025 میں سرچاشمہ بارڈر پر افغان دہشتگردوں سے جھڑپ میں دو تاجک ساہلکار بھی جاں بحق ہو گئے تھے جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے ۔ سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے افغانستان کی سرزمین سے سرحد پار دہشتگردی ہمسایہ ممالک کیلئے سنگین چیلنج بن چکی جس کے موثر تدارک کیلئے علاقائی اور بین الاقوامی مربوط تعاون ناگزیر ہے ۔ پاکستان افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے ٹھوس شواہد متعدد بار عالمی اداروں کے سامنے پیش کر چکا لیکن اس کے باوجود موثر عالمی ردِعمل کا فقدان تشویشناک ہے ۔