چیئرمین کے بغیر 7قائمہ کمیٹیوں میں وزارتی بجٹ کی منظوری مشکل
آئندہ مالی سال کا بجٹ اور ترقیاتی منصوبے رواں ماہ کمیٹیوں میں پیش کیے جائیں گے تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کے مستعفی کمیٹی اراکین نے تاحال واپسی کا فیصلہ نہیں کیا
اسلام آباد(ایس ایم زمان)آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبے اور بجٹ 2027 -2026 رواں ماہ قومی اسمبلی و سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں میں پیش کیا جائے گا، قومی اسمبلی کی سات قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین ہی نہیں جس کے باعث متعلقہ وزارتوں کے ترقیاتی و غیر رقیاتی بجٹ کی منظوری مشکل ہو گی، تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے تاحال قائمہ کمیٹیوں میں واپس آنے کا فیصلہ نہیں کیا ، تحریک انصاف کے حامی آزاد اور سنی اتحاد کونسل کے ممبران نے فی الحال استعفے واپس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ، ان ارکان نے پانچ ماہ سے استعفے دے رکھے ہیں۔ جنید اکبر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، خواجہ شیراز سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ملک عامر ڈوگر مذہبی امور ، ثنا اللہ خان مستی خیل بین الوزارتی، محمد عاطف اقتصادی امور، جاوید اقبال وڑائچ دفاعی پیداوار، عظیم الدین زاہد وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین کے عہدوں سے مستعفی ہوئے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے تاحال استعفے منظور نہیں کیے ۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے دنیا کے سوال کے جواب میں کہا پی ٹی آئی ممبران کے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے واپس نہیں لیے جا رہے ، تحریک انصاف قائمہ کمیٹیوں میں واپس نہیں آ رہی۔