جے یو آئی کے جلسے منسوخ،8فروری کو پی ٹی آئی کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان
ہم جلسے جلوس8فروری کے بعد کرینگے ، ضمنی انتخابات بھی چرائے جارہے ،نئے الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں:فضل الرحمن 8فروری کو مینڈیٹ چرایاگیا:اچکزئی ،وزیر اعظم ایوان میں آکرانسداد دہشتگردی کی پالیسی دیں:اسد قیصر ، پریس کانفرنس
اسلام آباد ( اپنے رپورٹرسے )تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی جس کے بعد اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی نے 8 فروری کے اپنے جلسے منسوخ کرنے اور اپوزیشن کی پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم سب کہتے ہیں 8فروری کو زور زبردستی عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا ،عوام پرجبر کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پیکاایکٹ سمیت کالے قوانین لائے گئے ، عدلیہ کے پر کاٹے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی جلسے کرنا چاہتی تھی، ہم پہیہ جام کرنا چاہتے تھے ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہم اپوزیشن کی پہیہ جام کی حمایت کرتے ہیں ،ہم 8 فروری کو اپنے جلسے جلوس منسوخ کرتے ہیں، ہم اپنے جلسے جلوس آٹھ فروری کے بعد کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات بھی چرائے جارہے ہیں، ہمارا موقف ایک ہے ،ہم نئے الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ سلام آباد دھماکے کی شدید مذمت کرتا ہوں، وزیر اعظم ایوان میں آکر انسداد دہشتگردی کی پالیسی دیں، نیشنل ایکشن پلان پر عمل چاہتے ہیں مگر ہماری بات کو سنجیدہ نہیں لیا جارہا ہے عمران کے ڈاکٹرز کو تو ملنے دیا جائے ۔