پولیس پر 9مئی سے متعلق پریشر ڈالا جارہا ،سہیل آفریدی
پولیس کو سیاست میں مت گھسیٹیں غلط پالیسیوں سے امن قائم نہیں ہورہا سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا، میڈیا سے گفتگو
پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پولیس پر 9 مئی سے متعلق پریشر ڈالا جارہا ہے مگر پولیس پر فخر ہے کہ یہ کسی دباؤ میں نہیں آرہی ۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ جو لوگ پولیس پر دباؤ ڈال رہے ہیں وہ ایسا نہ کریں اور پولیس کو سیاست میں مت گھسیٹیں، ہم نے کے پی کے پولیس کو ہرقسم کی سیاسی مداخلت سے دور رکھا ہے ، پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف کھڑے ہیں، بند کمروں میں فیصلوں سے ہمیں بہت نقصانات ہوئے ، غلط پالیسیوں کی وجہ سے یہاں امن قائم نہیں ہورہا۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے 22 سالوں سے قربانیاں دیں اور اب بھی دے رہی ہے۔
ہماری پولیس کی بے توقیری کی گئی، ہم جو کر رہے ہیں صدق دل سے کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اپنی پولیس پر فخر ہے ، پولیس نے جو مانگا میں نے انکار نہیں کیا، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ ہماری کان آنکھ ہیں، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو جدید سہولیات سے آراستہ کر رہے ہیں۔سہیل آفریدی نے بتایا کہ ضم اضلاع سمیت پورے صوبے میں سیف سٹی شروع کرنے جارہے ہیں۔تقریب سے قبل وزیراعلیٰ نے پولیس میں بلٹ پروف گاڑیاں اور دیگر جدید سامان بھی تقسیم کیا۔ مختلف اضلاع کو 18 بلٹ پروف سمیت مجموعی طور پر 22 گاڑیاں فراہم کی گئیں۔اس کے علاوہ 300 ایس ایم جی گنز، 10 اسنائپر رائفلز، 4 ہزار سے زائد ہیلمٹس، 4 ہزار 800 سے زائد بلٹ پروف جیکٹس اور ٹریفک پولیس سمیت جنوبی اضلاع کے لیے 150 موٹر سائیکلیں بھی تقسیم کی گئیں۔