ازبک صدر کی زرداری،شہباز شریف سے ملاقات،تاجروں کیلئے10سال تک ٹیکس استثنیٰ کا اعلان

ازبک  صدر  کی  زرداری،شہباز شریف  سے  ملاقات،تاجروں  کیلئے10سال تک  ٹیکس  استثنیٰ  کا  اعلان

3 ارب 40 کروڑ ڈالر کے سمجھوتوں پر عملدرآمد اہم پیشرفت، تجارتی تجاویز لائیں، بیورو کریسی رکاوٹ نہیں بنے گی:وزیراعظم دونوں ممالک کے درمیان دو اضافی براہ راست پروازیں شروع کرینگے :شوکت مرزا ئیوف، صدر زرداری نے نشان پاکستان عطا کیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور وزیراعظم کے ہمراہ بزنس فورم سے خطاب میں پاکستان کے تاجروں کو 10 سال کیلئے ٹیکس استثنیٰ دینے کا اعلان کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ پاکستان-ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے شوکت مرزائیوف نے کہا وہ اپنے بھائی وزیراعظم شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں،پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعلقات کثیر الجہتی شکل اختیار کر چکے ہیں، بزنس فورم میں معاہدوں پر عملدرآمد سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔ پاکستان کو آلات جراحی اور ادویات کی تیاری میں تعاون فراہم کریں گے ، ٹیکسٹائل میں پاکستانی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ صحت کے شعبے میں بھرپور تعاون کے لئے تیار ہیں، 2026ء باہمی تعاون پر مبنی شراکت داری کے فروغ کا سال ہوگا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مابین پروازیں بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کے درمیان 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کے سمجھوتوں پر عملدرآمد اہم پیشرفت ہے ۔ تاشقند بزنس فورم جو انتہائی تعمیری ثابت ہوا، کے بعد کی جانے والی اصلاحات اور اقدامات کے نتیجے میں دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ سال بڑھ کر45 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیاہے ۔ پاکستان قدرتی وسائل سے بھرپور ملک ہے ، ازبکستان اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ،ہم ازبک کمپنیوں کو سرمایہ کاری کا محفوظ اور پرکشش ماحول فراہم کریں گے ،ازبک تاجر تجارتی تجاویز لائیں، بیورو کریسی کسی قسم کی رکاوٹ کا باعث نہیں بنے گی،کاروبار کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا اور کاروبار کو سرخ فیتے کی نذر نہیں ہونے دیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے پی آئی اے پروازیں بڑھائے گی۔دریں اثنا ازبک صدر شوکت مرزائیوف نے صدر آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی، صدر زرداری نے تجارت، روابط، دفاع، سلامتی، ثقافت اور ورثے کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ازبک صدر نے آصف علی زرداری کو ازبکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو اضافی براہ راست پروازیں شروع کی جائیں گی جس سے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد چھ ہوجائے گی تاکہ عوامی روابط، سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید سہولت فراہم کی جاسکے ۔ بعد ازاں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان تفصیلی مذاکرات ہوئے ،جن میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی ودیگر نے شرکت کی۔ ازبک وفد میں صدر کے مشیر عبدالعزیز کاملوف، وزیر دفاع شوخرات خالمحمدوف، وزیر سرمایہ کاری، صنعت و تجارت لذیذ قدرتوف ودیگر شامل تھے ۔بعد ازاں ایک خصوصی پروقار تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں صدر شوکت مرزائیوف کو نشان پاکستان کے اعزاز سے نوازا۔ تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی کابینہ کے ارکان، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، غیر ملکی سفیروں اور پارلیمنٹرینز نے شرکت کی۔ تقریب کے بعد معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں