بجلی خریدنے اور فروخت کے الگ نرخ، سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کیلئے نئے قوانین جاری
سولرنیٹ میٹرنگ معاہدے کی مدت 5سال مقرر، پرانے معاہدے جاری رہیں گے ،صارفین 1کلوواٹ سے 1میگاواٹ تک بجلی پیداوار کے اہل،نئے ریگولیشنز فوری نافذ ٹرانسفارمر گنجائش کے 80فیصد تک کنکشن فراہم کر سکیں گے ،ڈسکوز 15دن بعد انٹرکنکشن فراہمی، نیپرا 7روز میں منظوری کا پابند، قوانین کا بائیوگیس صارفین پر بھی اطلاق
لاہور ،اسلام آباد(اپنے کامرس رپورٹر ،نمائندہ دنیا)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کیلئے نئے قوانین 2026 جاری کر دئیے ۔ نئے ریگولیشنز کے بعد 2015 والے نیٹ میٹرنگ قوانین ختم ہو جائینگے ۔ اب سے جو صارفین سولر نیٹ میٹرنگ لگائیں گے ان پر نئے قوانین کا اطلاق ہوگا، تاہم پرانے معاہدے جاری رہیں گے اور جب ختم ہو جائینگے تو نئے قوانین کے تحت نئے معاہدے کئے جائینگے ، اب سے نیا نیٹ بلنگ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے ۔ نیپرا کے مطابق نئے ریگولیشنز فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے ۔ نئے قوانین کے تحت سولر نیٹ میٹرنگ صارفین اب نیٹ بلنگ سسٹم کے ذریعے بجلی فروخت کر سکیں گے ۔ صارفین سے جو بجلی خریدی جائے گی اس کے نرخ الگ ہونگے جبکہ ان کو دی جانی والی بجلی کی قیمت الگ ہوگی۔
صارفین کی سولر سے پیدا شدہ بجلی نیشنل ایوریج انرجی پرچیز پرائس کے مطابق خریدی جائے گی۔ نیٹ میٹرنگ صارفین کو بجلی موجودہ رائج ٹیرف کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔ ریگولیشنز کے مطابق ڈسکوز صارفین کیلئے دو طرفہ میٹر یا علیحدہ میٹر نصب کرنے کی پابند ہوں گی یعنی جو بجلی وہ نیشنل گرڈ کو فراہم کرینگے اس کا الگ میٹر ہوگا جس کا الگ حساب رکھا جائے گا اور جو بجلی وہ نیشنل گرڈ سے لیں گے اس کا میٹر الگ ہوگا۔ صارفین کو ایک کلوواٹ سے ایک میگاواٹ تک بجلی پیدا کرنے کی اجازت ہوگی۔ سولر نیٹ میٹرنگ کیلئے معاہدہ پانچ سال کیلئے ہوگا جس کی مدت پوری ہونے پر مزید پانچ سال کیلئے تجدید کی جا سکے گی۔ نیپرا سے کنکرنس حاصل کرنا لازم قرار دیا گیا جبکہ 250 کلوواٹ یا اس سے زائد نظام کیلئے لوڈ فلو سٹڈی لازمی ہوگی۔
ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر کی 80 فیصد گنجائش تک کنکشن فراہم کیا جا سکے گا۔ درخواست مکمل ہونے کے بعد 15 دن کے اندر انٹرکنکشن فراہم کرنا لازم ہوگا، نیپرا سات دن میں کنکرنس جاری کرنے کا پابند ہوگا۔ صارفین کی اضافی پیداوار کو اگلے بل میں ایڈجسٹ کیا جائے گا یا سہ ماہی بنیادوں پر ادائیگی کی جائے گی۔ ریگولیشنز کے تحت ڈسکوز کو غیرقانونی توسیع روکنے کیلئے مانیٹرنگ کا اختیار حاصل ہوگا، معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں کنکشن منقطع کیا جا سکے گا۔ حفاظتی آلات کی تنصیب اور بین الاقوامی معیار پر پورا اترنا بھی لازم قرار دیا گیا ہے ۔ نیپرا کے مطابق نئے نیٹ بلنگ ریگولیشنز کا اطلاق بائیوگیس صارفین پر بھی ہوگا۔ بلنگ سائیکل کے اختتام پر نیٹ بلنگ نظام کے تحت بل جاری کیا جائے گا جبکہ نیشنل گرڈ کو اضافی بجلی کی فراہمی پر صارفین کو سہ ماہی بنیادوں پر ادائیگی کی جائے گی۔