بسنت پر لوگ ایک دوسرے سے جڑ گئے، ہڑتال کی کال کو دیکھا تک نہیں : مریم نواز

بسنت پر لوگ ایک دوسرے سے جڑ گئے، ہڑتال کی کال کو دیکھا تک نہیں : مریم نواز

کراچی، کے پی کے ،کشمیر،گلگت بلتستان سے لوگ آئے ،جنریشن زی نے منفی رویوں کو چھوڑ کر مثبت کردار کو اپنایا پی ٹی آئی کی عیاری نہیں چلی، گلا کٹنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، اجلاس سے خطاب ، عالمی بینک کے صدر کی بھی ملاقات

لاہور(سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کامیاب بسنت فیسٹیول پر اظہار تشکرکیااور انتظامیہ،پولیس سمیت 15ڈیپارٹمنٹ کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کوسلیوٹ کرنے کے بعد نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔نوازشریف نے تہواروں کو جوڑنے خوشیاں منانے کا ویژن دیا۔پنجاب کے عظیم کلچر کی بحالی کا سہرا لاہور کے عوام کے سر ہے ۔تین روزہ بسنت سے لاہورسمیت پاکستان میں خوشیاں لوٹ آئیں۔ملک دشمن یہاں امن،سکون،چین اورخوشیاں نہیں دیکھ سکتے ۔ہم ڈریں گے نہیں بلکہ ملک دشمنوں پر قابو پاکر دم لیں گے ۔لاہوریوں کو خوش دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں۔ جنریشن زی کے لوگوں نے پہلی مرتبہ اندرون لاہور کا رخ کیا اورلیپ ٹاپ، آئی پیڈ چھوڑ کر خوشی منائی۔

آئی جی،کمشنر،سی سی پی او،ڈی آئی جی،ڈی سی، تمام اسسٹنٹ کمشنروں اورپوری ٹیم کو شاباش دیتی ہوں۔محکمہ انفارمیشن نے غیر ملکی مہمانوں کے سامنے بسنت کے ذریعے خوبصورت امیج پیش کیا۔ ہائی کمشنر ز،قونصل جنرل، سفارتکاروں کی بہت بڑی تعدادبسنت منانے لاہور آئی۔میڈیا نے جس طرح بسنت کو کور کیا ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔عوام نے احتجاج کی کال دینے والوں کی طرف پلٹ کر دیکھا تک نہیں۔ارب پتیوں کی کال غریب عوام نے مسترد کردی۔انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ سیفٹی راڈ کے بغیر کوئی بائیک نظر نہیں آئی،کراچی، کے پی کے ،کشمیر، گلگت بلتستان سے لوگ آئے اوربسنت کی خوشیاں منائیں۔جنریشن زی نے منفی رویوں کو چھوڑ کر مثبت کردار کو اپنایا۔

عوام نے منفی رویوں اور گالم گلوچ کو یکسر مسترد کردیا۔ اپنے مفادات کیلئے ہڑتال کی کال دی گئی۔پی ٹی آئی کی عیاری نہیں چلی، پنجاب میں کسی بھی جگہ ہڑتال نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زیرو ہڑتال تھی، اتوار کے دن لاہور میں دکانیں مکمل طور پر بند ہوتی ہیں۔عوام نے انتشاری اور فسادی ٹولے کی ہڑتال کی کال کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔ایک جماعت جو شعور دینے کی دعویدار ہے ان کے جلسوں میں مرد رکاوٹیں پھلانگ کر خواتین کے انکلیوزرمیں گھس جاتے تھے ۔پہلی مرتبہ پتنگ بازی کے دوران ڈور سے گلا کٹنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ رمضان سے پہلے بسنت کا تہوار لوگوں کے لئے کمائی کا اچھا ذریعہ بنا۔ 10لاکھ گاڑیاں داخل ہونے کے باوجود ٹریفک کا انتظام کمال تھا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ مریم نے عالمی بینک کے صدر اور وفد کاخیرمقدم کیا۔ ملاقات میں صحت، تعلیم،اپنی چھت،اپنا گھر،ستھرا پنجاب اور کلائمیٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں