آن لائن ٹیکسی اوربائیک رائیڈرزکی آج سے رجسٹریشن شروع

آن لائن ٹیکسی اوربائیک رائیڈرزکی آج سے رجسٹریشن شروع

اسلام آبادمیں مسافر کوآئی ڈی کارڈ اندراج کے بغیر لیجانے کی اجازت نہیں ہوگی ہر ڈرائیور کیلئے اپنے مسافروں کی تفصیلات مخصوص ایپ پر اپلوڈ کرنالازمی ہوگا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)اسلام آباد میں آن لائن ٹیکسی اور بائیک سروسز چلانے والے غیر رجسٹرڈ ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کے مطابق دارالحکومت میں کام کرنے والی تمام آن لائن ٹیکسی سروسز اور بائیک رائیڈرزکی باضابطہ رجسٹریشن لازمی کی جائے گی۔ اس رجسٹریشن کے تحت تمام ڈرائیورز اور ان کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی تفصیلات جمع کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ایسٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام ٹیکسی سروسز کے سی ای اوز سے فوری طور پر رابطہ کریں اور انہیں اس عمل میں تعاون کی ہدایت کریں۔

سیکرٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو غیر رجسٹرڈ بائیک چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کے مطابق تمام غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور بائیکوں کی رجسٹریشن ڈیجیٹل آٹومیشن کے تحت مکمل کی جائے گی۔ اس رجسٹریشن ایپ کے ذریعے اسلام آباد پولیس کو بھی تمام ڈرائیورز اور گاڑیوں کے ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی،نظام میں رجسٹریشن کے بعد ہر ڈرائیور کے لیے یہ لازمی ہوگا کہ وہ اپنے مسافروں کی تفصیلات مخصوص ایپ پر اپلوڈ کرے ، ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مسافر کے قومی شناختی کارڈ نمبر کے اندراج کے بغیر کسی ڈرائیور کو سواری لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان ہدایات کی روشنی میں آج 10 فروری سے دارالحکومت میں تمام آن لائن ٹیکسی اور بائیک سروسز کی باضابطہ رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں