’’آزادی یا موت ‘‘ پی ٹی آئی کی بڑے احتجاج کی تیاریاں ، کنٹینر تیار
40فٹ طویل کنٹینر میں واش روم اور بیٹھنے کیلئے باقاعدہ سیٹنگ ایریا بنایا گیا کسی کنٹینر کی تیاری یا اس کا رخ اسلام آباد کرنے کی خبریں درست نہیں، بیرسٹر گوہر
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف نے بڑے احتجاج کی تیاریاں شروع کر دیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق احتجاج کے سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے لیے خصوصی کنٹینر بھی تیار کر لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 40 فٹ طویل کنٹینر میں واش روم اور بیٹھنے کے لیے باقاعدہ سیٹنگ ایریا بنایا گیا ہے جبکہ کنٹینر پر نمایاں طور پر "آزادی یا موت" درج کیا گیا ، کنٹینر کو ممکنہ احتجاج کے دوران مرکزی سٹیج کے طور پر استعمال کیے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے احتجاج کے حتمی اعلان اور تاریخ سے متعلق مشاورت جاری ہے جبکہ پارٹی کارکنوں کو بھی ممکنہ احتجاج کے لیے تیار رہنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلٰی سہیل آفریدی کے احتجاج کے لیے تیار ہونے والا کنٹینر کا معائنہ کرنے کی بھی ویڈیو سامنے آئی ہے ۔رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے بھی کہا کہ پشاور میں ہمارا کنٹینر جس پر لکھا ہے ‘آزادی یا موت’ تیار ہے ،اس پر ہم کسی بھی وقت بیٹھ سکتے ہیں، ڈارئیونگ سیٹ پر سہیل آفریدی بیٹھیں گے ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے کہا ہے آئندہ کوئی ایسا حکم نہیں دیں گے کہ اسلام آباد کی طرف چڑھ دوڑیں۔ ٹی وی سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکسی بھی کنٹینر کی تیاری یا اس کا رخ اسلام آباد کرنے کے حوالے سے خبریں درست نہیں۔