قیادت کے رویے سے ناراض جنید اکبر کی پارٹی چھوڑنے کی دھمکی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریکِ انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی اور قیادت کے رویے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کی دھمکی دیدی۔
جنید اکبر کی ایک مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں جنید اکبر کا کہنا ہے کہ ان کی برداشت ختم ہو چکی ہے اور وہ آج کے بعد نہ تو پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا حصہ رہیں گے ، نہ چیف وہپ، پارلیمانی لیڈر یا کسی اور عہدیدار کو تسلیم کریں گے ۔ پارٹی میں فیصلے چند افراد روزانہ کی بنیاد پر کرتے ہیں جبکہ دیگر اراکین کو ایوان میں بولنے کا موقع تک نہیں دیا جاتا، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔جنید اکبر نے سوال اٹھایا کہ کیا منتخب نمائندے روزانہ صرف رسمی حاضری کیلئے آتے ہیں؟۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر نے مزید کہاکہ دہشتگردی جیسے سنگین معاملات پر بھی کسی میں یہ ہمت نہیں کہ سوال کرے کہ صوبائی حکومت یا اسٹیبلشمنٹ کی ذمہ داری کیا ہے ، جبکہ روزانہ معمولی باتوں پر مذاق اور تنقید کی جاتی ہے ۔ جنید اکبر نے اعلان کیاکہ وہ پارلیمانی کمیٹی سے علیحدہ ہو رہے ہیں اور آئندہ سپیکر سے براہِ راست بات کریں گے ۔