ریڈ زون داخلہ کیلئے ملازمین کی رجسٹریشن، سٹیکر لازمی قرار

ریڈ زون داخلہ کیلئے ملازمین کی رجسٹریشن، سٹیکر لازمی قرار

گاڑی یا موٹر سائیکل، مالک اور ڈرائیور کے کوائف، متعلقہ دفتر کا نام فراہم کرنا ہو گا ڈیٹا کی تصدیق کے بعد داخلہ سٹیکرز جاری، 11فروری معلومات فراہمی کی ہدایت

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وزارت داخلہ نے ریڈ زون اور ہائی سکیورٹی زون میں وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کے ملازمین کا ڈیٹا جمع کرنے اور رجسٹریشن  کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وزارت داخلہ کے ماتحت سکیورٹی ڈویژن کے مطابق ریڈ و ہائی سکیورٹی زون میں افسران و ملازمین کو داخلہ کے لیے سٹیکرز جاری کیے جائیں گے جس کے بغیر گاڑی اور موٹر سائیکل کے ریڈ زون میں داخلے پر پابندی ہوگی، سکیورٹی ڈویژن نے احکامات جاری کر دیئے ۔

احکامات کے مطابق گاڑی/موٹر سائیکل کی تفصیل، مالک و ڈرائیور کے کوائف، شناختی کارڈ نمبر، دفتر یا ادارے کا نام، عہدہ، رابطہ کی معلومات جمع کرانا لازمی ہوگا، ڈیٹا کی تصدیق کے بعد انٹری سٹیکرز جاری کیے جائیں گے ۔ مذکورہ اقدامات حساس تنصیبات کے اندر گاڑیوں کی نقل و حرکت منظم اور محفوظ بنانے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔ احکامات کے مطابق ایک ہفتے کے بعد انٹری سٹیکر کے بغیر کسی گاڑی یا موٹر سائیکل کو ریڈ و ہائی سکیورٹی زون میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کو افسران و ملازمین کی معلومات 11 فروری تک ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن کو فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں