مال بردار ٹرین کی 11بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں
حادثہ ڈیپارجہ کے قریب ہوا،450 فٹ لائن اکھڑنے سے اپ، ڈاؤن ٹریک بلاک
لاہور( اپنے کامرس رپورٹرسے)پڈعیدن ریلوے تھانے کی حدود ڈیپارجہ ریلوے پھاٹک کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی مال بردار ٹرین کی 11 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں، 450 فٹ ریلوے لائن اکھڑنے سے اپ اور ڈاؤن ٹریک بلاک ہوگئے ،جبکہ ٹرینوں کو مختلف سٹیشنوں پر روک دیا گیا، 15 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد ریلوے ٹریک بحال کر دیا گیا، اس دوران مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پڈعیدن ریلوے تھانے کی حدود 405 کلومیٹر ڈیپارجہ ریلوے پھاٹک کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی مال بردار ٹرین کی 11 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔
حادثے میں ڈرائیور اور گارڈ معجزانہ طور پر محفوظ رہے ۔ بعدازاں ریسکیو ٹیم کے ہمراہ ڈی ایس ریلوے سکھر جمشید عالم ہیوی مشینری لے کر موقع پر پہنچے ۔ ڈی ایس ریلوے کے مطابق اندازاً 450 فٹ ریلوے ٹریک حادثے میں متاثر ہوا ہے ، حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن ریلوے ٹریک بلاک ہو گیا، جس کے باعث تمام مسافر ٹرینوں کو پڈعیدن سمیت مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،تاہم 15 گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد ٹریک کو بحال اور ٹرینوں کی آمدورفت بحال کردی گئی۔