الائیڈ سکولز کیلئے ARVO کا نیا پبلشنگ ڈویژن متعارف
اے ای پی کی تیارکردہ کتب مکمل ڈیجیٹل لائبریری سے منسلک ہوں گی پنجاب گروپ ٹیکنالوجی کو بروقت اپنانے والوں میں شامل،میاں عامرمحمود
لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب گروپ آف کالجز نے جدید اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کیلئے ARVO کے پلیٹ فارم سے ایک نئے پبلشنگ ڈویژن ARVO ایجوکیشن پریس (AEP)کو ایک پروقار تقریب میں متعارف کروا دیا۔ ARVO کو ابتدائی طور پر الائیڈ سکولز کیلئے ایک جامع نصابی اور تدریسی حل کے طور پر متعارف کرایا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز میاں عامر محمود تھے جبکہ شرکا میں ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز پروفیسر سہیل افضل ،الائیڈ سکولز کے پراجیکٹ ڈائریکٹر،سکولز کے پرنسپلز، فرنچائز مالکان اور دیگر اہم سٹیک ہولڈرز شامل تھے ۔ میاں عامر محمود نے ARVO کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نصاب کی ہم آہنگی، ڈیجیٹل لرننگ وسائل اور منظم تدریسی معاونت کے ذریعے سکولوں کی مؤثر رہنمائی کے لیے تیار کیا گیا ہے ، جس کا مقصد اسے ایک قابلِ اعتماد اور مستقبل کیلئے تیار تعلیمی حل کے طور پر پیش کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب گروپ ٹیکنالوجی کو بروقت اپنانے والوں میں شامل ہے اور طالبِ علم ہمیشہ ہماری توجہ کا مرکز رہا ہے ۔ والدین اپنے بچوں کو امانت سمجھ کر ہمارے حوالے کرتے ہیں اور گزشتہ 40 برسوں میں تعلیمی ذمہ داریوں میں کبھی کوتاہی نہیں کی گئی۔ ہر طالبِ علم کی انفرادی ترقی ہماری ترجیح ہے ، کیونکہ طالبِ علم کی کامیابی ہی قومی ترقی کی بنیاد بنتی ہے ۔ پنجاب گروپ اس وقت ساڑھے چھ لاکھ طلبہ کے ساتھ ملک کا سب سے بڑا تعلیمی نیٹ ورک ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہماری ٹیم پاکستان اور پاکستانیوں کو کبھی مایوس نہیں کرے گی۔اس موقع پر میاں عمران مسعود نے پی جی سی کی ترقی کو میاں عامر محمود کے وژن سے منسوب کرتے ہوئے کہا کہ ARVO کا آغاز تعلیم میں جدیدیت کے تسلسل کی ایک مضبوط کڑی ہے ۔ ڈاکٹر شاہد محمود نے بتایا کہ الائیڈ سکولز کے قیام کو 15 سال مکمل ہو چکے ہیں اور آج ملک بھر میں ایک ہزار سے زائد الائیڈ سکولز، تین لاکھ سے زائد طلبہ اور 32 ہزار اساتذہ اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نصاب کی اپ گریڈیشن اور طلبہ کی فکری و اخلاقی تربیت ہماری بنیادی ذمہ داری ہے ۔تقریب میں اساتذہ اور طلبہ کیلئے خصوصی تجرباتی زونز قائم کیے گئے ، جہاں عملی مظاہروں کے ذریعے ARVO کے تعلیمی اطلاق سے آگاہی دی گئی۔ اسی موقع پر ARVO ایجوکیشن پریس (AEP) کا تعارف بھی کرایا گیا، جو الائیڈ سکولز کے لیے اعلیٰ معیار کی سستی نصابی کتب فراہم کرنے والا نیا پبلشنگ ڈویژن ہے ۔ یہ کتب ایک مکمل ڈیجیٹل لائبریری سے منسلک ہوں گی، جہاں ہر صفحہ QR کوڈز کے ذریعے ایک انٹرایکٹو پورٹل میں تبدیل ہو جائے گا، جس سے وضاحتی ویڈیوز، اینیمیشنز اور اضافی تعلیمی مواد تک فوری رسائی ممکن ہوگی۔لانچ کے دوران ARVO کی سکول سیریز اور ٹیچر گائیڈز بھی پیش کی گئیں۔ ابتدائی مرحلے میں کلاس 1 سے کلاس 5 کیلئے 30 طلبہ کی کتابیں اور 30 ٹیچر گائیڈز متعارف کرائے گئے ۔ شرکا نے ARVO منصوبے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق پاکستان میں تیار کیا گیا ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ طویل مدتی شراکت داری، پائیدار ترقی اور ملک بھر میں معیاری تعلیم کو قابلِ رسائی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔