مریم نواز کی بسنت سے ظاہر ہوتا ہڑتال کامیاب رہی:شفیع جان
پہلے ٹویٹ کیا اتوار کو مارکیٹیں بند ہوتی ہیں، پھر ٹویٹ کیا سب کچھ کھلا رہا ہڑتال کے مقاصد حاصل کر لئے ہیں:دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ جہاں تک تحریک انصاف کی پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال تھی، جو مقاصد ہم اس میں حاصل کرنا چاہتے تھے وہ ہم نے حاصل کرلئے ہیں، کے پی کے تما م اضلاع میں بڑی مارکیٹس بند رہیں، شہریوں نے ریلیاں نکالیں،سندھ میں پی پی حکومت نے احتجاج سے پہلے ہمارے 175 رہنمائوں کو گرفتار کیا،پشاورمیں ہمارا احتجاج کامیاب رہا،مریم نواز نے جس طریقے سے بسنت منائی،جو موسم سرما میں پہلی بار منائی گئی ہے ، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ تحریک انصاف کی ہڑتال کامیاب رہی،۔
دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پشاورمیں ایسی مارکیٹیں بند رہیں جو اتوار کو کھلی رہتی ہیں،اسلام آباد، پنڈی میں بڑی مارکیٹس بند رہیں۔زبردستی دکانیں بند کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں شفیع جان نے کہا کہ تحریک انصاف کی طرف سے واضح ہدایات تھیں کہ کسی دکاندار پرزور زبردستی کر کے اسے دکان بند کرنے پر مجبور نہیں کیاجائے گا،کے پی میں کسی شہر میں زور زبردستی سے دکان بند نہیں کرائی گئی، مریم نواز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، پہلے انہوں نے ٹویٹ کیا تھا اتوار کو ساری مارکیٹیں بند ہوتی ہیں یہ کیسا شٹرڈائون ہے ، پھر وہ ٹویٹ کرتی ہیں کہ پنجاب میں سب کچھ کھلا رہا،زیروشٹرڈائون تھا،مریم نواز کا پہلے والا بیان ٹھیک تھا یا آج کا۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف میں کوئی اختلاف اور تقسیم نہیں ، تحریک انصاف کی صفوں میں کوئی بد انتظامی نہیں۔